لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)دبئی میں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوران بیٹسمین عمر اکمل کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کا سنگین واقعہ رونما ہوا جسے سامنے رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم انتظامیہ نے انگلینڈ کی سیریز اور ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں کو جلد کمروں میں لانے کیلئے کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔مئی 2016 میں مکی آرتھر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستان ٹیم کیلئے کرفیو ٹائمنگ ختم کردیئے گئے تھے تاہم کھلاڑی از خود ذمے داری کا مظاہرہ کرکے میچ سے قبل رات کو جلد اپنے کمروں میں آجاتے تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک نے لندن سے فون پر بتایا کہ وہ سنجیدگی سے غور کررہے ہیں کہ میچ سے قبل رات کو کرفیو لگا کر کھلاڑیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ جلد کمروں میں آئیں۔