کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی فٹبال ٹیم برازیل میں ہونے والے نیمار جونیئر فائیو عالمی مقابلوں میں شرکت کرے گی۔فائنل ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹیموں کو ٹرائی آؤٹ مقابلوں میں حصہ لینا ہوگا۔ اس کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 16سے 25مئی تک کیمپ لگایا جائے گا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے پہلے مقابلے کراچی میں ہونگے، پھر لاہور اور آخر میں اسلام آباد میں میدان سجے گا۔ٹرائی آؤٹ مقابلے مکمل ہونے کے بعد بہترین کارکرگی دکھانے والی ٹیموں کو 25مئی کو لاہور میں نیشنل کوالیفائر میں مدمقابل لایا جائے گا جہاں کسی ایک ٹیم کو برازیل میں نیمار جونئیر فائیو عالمی فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا۔مقابلوں میں شامل ہونے کیلئے ٹیمیں 13مئی سے قبل رجسٹریشن کراسکتی ہیں۔یہ مقابلہ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو ہی موقع فراہم کرنے کے تصور پرانحصار کرتا ہے، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کی ٹیموں کو کھیلنے کا موقع دیا جائے گا، صرف قابلیت اور ٹیلنٹ کی ہی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمریں 16سے 25سال کے درمیان ہونی چاہئیں۔ مقابلے کے قواعد کے دو حصے ہیں، دو ٹیموں کم سے کم 5کھلاڑیوں سے 10منٹ تک ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی، جس میں کوئی گول کیپر نہیں ہوگا اور ہر گول کے بدلے مدمقابل ٹیم کا ایک کھلاڑی کم ہو جائے گا۔2018میں منعقدہ ٹرائی آؤٹ میں 62ممالک سے 1لاکھ 25ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ رواں سال 2019کے مقابلے میں توقع کی جا رہی ہے کہ پہلے سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے۔