لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ شعیب ملک جمعرات کو ٹیم کو ساؤتھمٹپن میں جوائن کریں گے اور دوسرے ون ڈے کی سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم شعیب ملک کے معاملے پر مکمل راز داری کا مظاہرہ کررہی ہے اور وہ ٹیم منیجر طلعت علی ملک کے بجائے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے براہ راست رابطے میں ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کل سے شروع ہورہی ہے، جمعرات کو ٹیم جوائن کرنے کے بعد ہفتے کے میچ میں ان کی شمولیت کا انحصار فٹنس پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق شعیب ملک کی واپسی جمعرات سے قبل ممکن نہیں ہے اور امکان ہے کہ وہ ہفتے کو ساؤتھمپٹن کے ون ڈے انٹر نیشنل کے موقع پر ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ ٹیم انتظامیہ انہیں برسٹل میں 14 مئی کو تیسرا ون ڈے انٹر نیشنل کھلانا چاہتی ہے اگر وہ فٹ ہوئے تو دوسرے ون ڈے میں انہیں کھلانے کا چانس لیا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک نے مکمل راز داری رکھنے والی ٹیم انتظامیہ کے حکام کو اطلاع کی ہے کہ وہ اگلے تین دن میں ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔پی سی بی سے اس بارے میں استفار کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ سابق کپتان اور اسٹار بیٹسمین ہفتے کو ٹیم میں شامل ہوں گے، شعیب ملک چوں کہ خاندانی مسلہ حل کرانے دبئی گئے تھے اس لیے وہ پریکٹس میں نہیں ہوں گے، انہیں فوری طور پر ٹیم میں شامل کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوگا، یہی وجہ ہے ک کوچ مکی آرتھر انہیں تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں کھلانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب آل راونڈر محمد حفیظ نے پریکٹس شروع کردی ہے، وہ نیٹس پر بیٹنگ کررہے ہیں جب کہ ٹیم انتظامیہ انہیں بھی تیسرے میچ میں کھلانا چاہتی ہے۔ اس سے قبل آصف علی کو بھی آزمایا جائے گا اور ان کے حوالے سے امکانات ہیں کہ وہ ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔یاد رہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 29 اپریل کو ذاتی وجوہات کی بناء پر دورہ انگلینڈ سے 10 یوم کی رخصت لی تھی۔