عبدالحمید کھتری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ‘ڈی ایس اے کو فائنل کا ٹکٹ مل گیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIIIکے زیر اہتمام عبدالحمید کھتری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈی ایس اے سی سی نے مضبوط حریف لائنز ایریا کو 53رنز سے شکست دے کر حیران کن کامیابی حاصل کرکے شمیل سی سی کے ہمراہ فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرلی۔ فائنل کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائیگا۔نجیب لالی نے فاتح ٹیم کیلئے نصف سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فضل الرحمن بھی حریف ٹیم کی 3وکٹیں لے اڑے۔ ناکام سائیڈ کے ارسلان اور علی جواد ہی کچھ مزاحمت کرسکے۔ آرایل سی اے گراؤنڈ گلبرگ پر ڈی ایس اے سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں پر 161رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کرنے میں کامیاب رہے۔ نجیب لالی نے 4چھکوں اور 2چوکوں سے مزین 50رنز کی اننگز کھیلی۔ امیر رضا نے بھی 4چوکے اور 3چھکے لگا کر 43رنز اسکور کئے۔ منیر الحق کے 25رنز 3چوکوں کی مدد سے بنے۔ اسرار احمد نے 32رنز پر 3کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا ٹکٹ کٹایااور معصوم علی نے 24رنز پر 2مہرے کھسکائے۔لائنز ایریا جیم خانہ کی جوابی بیٹنگ 18.1اوورز میں108رنز پر زمیں بوس ہوگئی۔ ارسلان خان کے 2چھکوں اورایک چوکے جبکہ علی جواد کے 5چوکوں سے سجی 35رنز کی اننگز کے علاوہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندہ کو نہ چھو سکا۔ ۔ فضل الرحمن نے 25رنز پر 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سجادکو 13رنز ، عذیر اکبر کو 21رنز اور عمران علی کو 23رنز کے عوض 2,2ویٹیں اپنے نام کرنے کا موقع ملا۔ایمپائرز عقیل عادل اور محمد یونس جبکہ محمد منہاج آفیشل اسکورر تھے۔

تعارف: newseditor