کراچی (اسپورٹس رپورٹر) منصورہ اسپورٹس، کے سی سی اے زونIIکے زیر اہتمام جاری محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 3میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ منٹگمری جیم خانہ نے فیوچر پرفیکٹ کو 85رنز سے ٹھکانے لگایا۔الرحمن سی سی نے منصورہ کولٹس کیخلاف 8وکٹوں کی آسان فتح اپنے نام کی۔ پاک فلیگ کو صبیح احمد کی سنچری کی بدولت نیو سنگم کو 8وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔حسن رضا کی سنچری انکی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ عاقب انور‘ وہاج ریاض‘ محمد عمران‘ تنویر خان‘عباس زیدی اور آفتاب خان کی نصف سنچریاںکارامد رہیں۔ٹی ایم سی گراؤنڈ پر منٹگمری جیم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 242رنز اسکور کئے۔ عاقب انور نے 82رنز میں 6چوکے اور ایک چھکا، وہاج ریاض کے 50رنز میں 4چوکے اور غازی ناصر نے 2چوکے لگا کر 35رنز اسکور کئے۔ زین خان نے 3اور حمزہ قریشی نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔فیوچر پرفیکٹ سی سی مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 157رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محسن خان نے 43، سیمیر خان نے 15، فرحان شکیل اوروقاص اقبال نے 12,12رنز اسکور کئے۔ محمد زہیب ، شاہد اسلم اور سید طیب نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔پاک فلیگ گراؤنڈپر منصورہ کولٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 28اوورز میں 187رنز بنا کر پویلین لوٹی۔ محمد عمر نے 61رنز کی اننگز میں 8چوکے، تنویر خان نے 51رنز میں 6چوکے اور محسن علی نے 26رنز اسکور کئے۔ فضل خان نے 3جبکہ شاہزیب اور محمد حماد نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔الرحمن سی سی نے 23.2اوورز میں 2وکٹوں پر 190رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔ عباس زیدی نے 77رنز میں 12چوکے، آفتاب خان نے 56رنز میں 7چوکے لگائے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 138رنز جوڑے گئے۔ وصی رضوان اور عمیر اسلم کو ایک ایک وکٹ ملی۔اسی گراؤنڈ پر نیو سنگم اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اور مقررہ 30اوورز میں 8وکٹوں پر 214رنز اسکور کئے۔ حسن رضا نے 11چوکوں اور 2چھکوںکی مدد سے 103رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ قیصر ادریس نے 24،عبدالکریم اور محمد باقر نے 23,23رنز بنائے۔ فیض اﷲ نے 4اور اسد علی نے 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔پاک فلیگ نے مطلوبہ ہدف صبیح احمد کی شاندار سنچری کی بدولت 33ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔صبیح احمد کی 127رنز کی اننگز 17چوکوں سے سجی تھی۔ فیض اﷲ نے 41رنز اسکور کئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ پر 139رنز کی ناقابل شکست رفاقت قائم کی۔ ذیشان اختر نے 4چوکے اور ایک چھکا لگا کر 33رنز اسکور کئے۔ قیصر ادریس اور حس رضا کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔