کنگسنٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) جارح مزاج اوپننگ بلے باز کرس گیل کو رواں ماہ شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، شائی ہوپ آئرلینڈ میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز میں بطور نائب کپتان ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ گیل نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیا دے رکھا ہے اور وہ میگا ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈین ٹیم کے سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہوں گے۔ انہوں نے 289 ایک روزہ میچز میں 10151 رنز بنا رکھے ہیں اور ایک اننگز میں 215 ان کا بہترین سکور ہے جو انہوں نے 2015ء میں زمبابوے کے خلاف میچ میں بنایا تھا۔ گیل نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے اور یہ ورلڈ کپ میرے لئے بہت خاص ہے، بطور سینئر کھلاڑی میری ذمہ داری ہے کہ کپتان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو سپورٹ کروں، یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہو گا، قوم کو ہم سے بہت توقعات وابستہ ہیں اسلئے کوشش ہو گی کہ عالمی ٹائٹل جیت کر انہیں خوشیوں کا تحفہ پیش کریں۔