لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)چیمپئنز لیگ کھیلنے میں مصروف آئیکس کے حکیم زائیخ، نصیر مزروئی اور لیور پول کے محمد صلاح اور ساڈیو نے روزہ نہ رکھنے کے مطالبہ پر کلب انتظامیہ کے پریشر کو نظر انداز کر کے فٹبال میچ روزہ کی حالت میں کھیلنا کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیمپیئنز لیگ اپنے آخری مراحل میں ہے۔ دونوں ٹیموں کے فٹنس کوچز نے کھلاڑیوں کو تنبیہ کی ہے کہ اتنے بڑے میچوں سے قبل روزہ رکھنے سے نہ صرف ان کی جسمانی صلاحیت کم ہوگی بلکہ کھیل کے دوران توجہ پر بھی اثر پڑے گا۔برطانوی اخبار کیساتھ بات کرتے ہوئے آئیکس ٹیم کے فٹنس کوچ ریمنڈ ورہائین نے کہا ہے کہ اگر زائیخ اور مزروئی سیزن کے اس حصے میں روزہ رکھتے ہیں تو یہ کلب کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ گیارہ ماہ تک کھلاڑیوں کے جسم ایک خاص غذا اور ٹریننگ کے ساتھ رہتے ہیں اور اسے اچانک بدلنا کھلاڑیوں کے جسموں پر منفی اثر ڈالے گا۔حکیم زائیخ ٹیم کے مشہور کھلاڑی ہیں اور آئیکس کی ہر برتری میں اہم کردار رہا ہے۔ انہیں سیزن میں ماہرین آئیکس کا بہترین کھلاڑی قرار دے رہے ہیں۔ وہ ابھی تک اٹھارہ گول کرچکے ہیں۔ زائیخ کیلئے صورتحال اسلئے مشکل ہے کیونکہ دونوں اٹیکنگ مڈفیلڈر اور بعض اوقات رائٹ ونگر کی پوزیشن پر کھیلتے ہیں۔آئیکس کا چیمپیئنز لیگ کا سیمی فائنل بدھ کی شام ہالینڈ کے وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔ جبکہ اس دن افطار کا وقت 9 بج کر 18 منٹ ہے۔ ایسے میں، آئیکس ٹیم کے فٹنس کوچ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بغیر کھائے پیے میچ شروع نہیں کرسکتے۔دوسری طرف لیورپول کی طرف سے محمد صلاح اور ساڈیو مانے دو کھلاڑی ہیں جو کہ روزوں کی پابندی کرتے ہیں۔ مصر اور سینیگال سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں کھلاڑی لیورپول کے لیے اتنے ہی اہم ہیں جتنے کہ بارسلونا کے لیے میسی اور سواریز۔ دونوں کھلاڑیوں نے اب تک مشترکہ طور پر چالیس سے زیادہ گول سکور کیے ہیں۔صلاح اور ساڈیو مانے لیورپول کی مسلمان کمیونٹی میں بہت مشہور ہیں۔ دونوں کھلاڑی چیمپیئنز لیگ سیمی فائنل کے دن روزہ رکھیں گے۔ اطلاعات ہیں صلاح سیمی فائنل کا میچ فٹنس کی وجہ سے شاید نہ کھیل پائیں لیکن لیورپول کو اس کے علاوہ دیگر لیگز کے میچز ابھی کھیلنے ہیں۔