اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق کپتان شاہد آفریدی کی کتاب کے اقتسابات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی سوانح عمری ’گیم چینجر‘ میں لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اور انضمام الحق سمیت متعدد سینئرز کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔شاہد آفریدی کی کتاب پر جاوید میانداد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد آفریدی محض اپنی کتاب کی تشہیر کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کی کتاب کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے۔گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق اوپنر عمران فرحت نے شاہد آفریدی کی کتاب کے اقتسابات کو افسوسناک قرار دیا تھا۔اب شعیب اختر نے بھی شاہد آفریدی کی کتاب پر سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شعیب اختر کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے سینئرز کے سخت رویے پر جو لکھا، حقیقت اس سے بھی بڑھ کر ہے، آفریدی کو اس بارے میں کچھ مزید کہنا چاہیے تھا۔سابق فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ حقیقت میں شاہد آفریدی کو یہ سب 20 سال پہلے ہی کہنا چاہیے تھا، شاہد آفریدی نے درست وقت پر یہ باتیں کی ہوتیں تو انہیں کتاب لکھنے کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔