لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نے وزیراعظم عمران خان کے مجوزہ ریجنل ڈومیسٹک سٹرکچر کی حمایت کردی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کئی کھلاڑیوں کی ملازمتیں تو جائیں گی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انھیں مستقبل میں ریجنل کرکٹ کا فائدہ نہیں پہنچے گا، میرے خیال میں ریجنز سے ڈومیسٹک کرکٹ کا اعتماد بحال اور کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر ہوگا۔واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے کچھ عرصہ قبل ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6فرسٹ کلاس ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک سیزن کے لیے اپنی تجاویز بھی تیار کرلی ہیں جس کے بعد حبیب بینک نے ٹیم ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے عمران خان کے اس فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان خود تو پیسا کمانے کے لیے انگلینڈ میں کا?نٹی کرکٹ کھیلتے رہے اور اب یہاں ہمارے کرکٹرز کا مستقبل تاریک کررہے ہیں،ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ہمارے کھلاڑیوں کے چولہے چلاتی ہے اور اسے بند کرنے سے سینکڑوں کرکٹرز بیروزگار ہوجائیں گے۔