انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بائولنگ کا بھرکس نکال دیا

ساؤتھمپٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیدیا۔ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔جونی بیئراسٹو 51 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ نے 28.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔کچھ دیر بعد بارش رکنے کے باعث میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو جیسن رائے 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جوئے روٹ نے بھی 40 رنز کی اننگز کھیلی۔تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد این مورگن اور جوز بٹلر نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 273 رنز تک پہنچا دیا۔جوز بٹلر نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی اور 55 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ این مورگن بھی 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ٹاس جیت کر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جلدی وکٹ لیکر انگلینڈ پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا گیا ہے۔انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن کا کہنا تھا کہ بڑا ٹوٹل کرنے سجانے کی کوشش کریں گے، امید ہے کہ ہوم کرواڈ سے سپورٹ ملے گی۔خیال رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

تعارف: newseditor