برسٹل(سپورٹس لنک رپورٹ) تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بولرز نے بیٹسمینوں کی شاندار بیٹنگ پر پانی پھیردیا اور 359 رنز کے بڑے ہدف کا دفاع بھی نہ کرسکے۔انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 359 رنز کا ہدف 45ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا اور پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے یعنی اب سیریز میں انگلینڈ کو شکست نہیں ہوسکتی، اگر پاکستان اگلے دونوں میچ جیتا تو سیریز 2-2 سے برابر ہوگی جبکہ انگلینڈ کو سیریز نام کرنے کیلئے صرف ایک فتح درکار ہوگی۔برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن پہلے ہی اوور میں فخر زمان 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم بھی 15 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم حارث سہیل 41 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد پانچویں نمبر پر کھیلنے آئے اور 27 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے بعد آصف علی اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔ امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی چھٹی سنچری بنائی، انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 14 چوکے لگائے جب کہ آصف علی نے بھی 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ امام الحق نے کیریئر کا کی سب سے بہترین اننگز کھیلی اور 151 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آصف علی 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 159 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 159 کے اسکور پر گری جب جیسن رائے 76 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔اس کے بعد جوئے روٹ نے بیئراسٹو کا ساتھ دیا اور اسکور 234 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر جونی بیئراسٹو 128 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔جوئے روٹ 43 اور بین اسٹوکس 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم معین علی وکٹ پر جمے رہے اور ناقابل شکست 46 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلائی۔ کپتان اوئن مورگن بھی 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 83 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔جنید خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔خیال رہے کہ انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جب کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔تیسرے ون ڈے کے لیے قومی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور جیند خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔