لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔لندن میں آئی سی سی ورلڈ کپ میں شریک 10 ٹیموں کے کپتانوں کی پریس کانفرنس میں جب سرفراز احمد سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ بھی عمران خان کی طرح وزیر اعظم بننا چاہیں گے؟ جواب میں وکٹ کیپر مسکرائے اور بولے، یقیناً بطور کپتان ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز سے کم نہیں اور میری خواہش ہے کہ ہماری ٹیم 1992ء کی تاریخ دہرائے۔ لیکن عمران خان کی طرح مستقبل میں کیا میں بھی وزیر اعظم بنوں گا اس کے بارے میں مجھے پتا نہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-4 کی شکست سے ٹیم کے موارل پر کوئی فرق پڑے گا؟ سرفراز احمد بولے کہ وہ ایسا نہیں سوچتے، ٹیم سے انہیں مثبت اور بہترین کارکردگی کی توقع ہے، ہاں کھیل میں ہار جیت کے عنصر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ٹیم میں وہاب ریاض اور محمد عامر کی شمولیت کے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کی رفتار سے ہم فائدہ اٹھانا چاہیں گے، عامر کی شمولیت سے یقیناً بولنگ اٹیک کو تقویت ملے گی، جس میں شاداب خان کی شمولیت ان لیے باعث اطمینان ہے۔اپنی کارکردگی کے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ان کا نمبر پانچواں ہے، ہاں صورت حال کے مطابق اس میں اتار چڑھاؤ آسکتا ہے۔