لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں کھیل بدلنے والے فاسٹ بولرز اور اسپنرز کی لسٹ کے بعد گیم چینجر آل راؤنڈرز کی فہرست بھی سامنے آگئی ہے، تاہم پاکستان کا کوئی کھلاڑی ٹاپ 5 میں شامل نہیں۔آئی سی سی کے گیم بدلنے والے فاسٹ بولرز کی فہرست میں حسن علی کو جگہ ملی تو14 اسپنرز میں شاداب خان شامل تھے لیکن 5 گیم چینجر آل راؤنڈرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں،جبکہ ون ڈے کرکٹ میں آل راؤنڈرز کی عالمی رینکنگ میں عماد وسیم کا چوتھا اور محمد حفیظ کا ساتواں نمبر ہے۔گیم چینجرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو جگہ ملی ہے جن کا رینکنگ میں پہلا نمبر ہے ، شکیب 3 سے 6 نمبر تک بیٹنگ کر سکتے ہیں جبکہ رنز روکنے کا فن بھی جانتے ہیں ۔ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل لمبے لمبے چھکے مارنے کے لیئے شہرت رکھتے ہیں ان کے بارے میں توقع ہے کہ وہ انگلینڈ میں ریکارڈز قائم کریں گے۔آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس بڑی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں ٹاپ آرڈر سے لوئر آرڈر تک بیٹنگ کر سکتے ہیں ، جبکہ بھارت کے ہاردیک پانڈیا بھی گیم چینجرز میں شامل ہیں ۔انگلینڈ کے بین اسٹوکس بھی فہرست کا حصہ ہیں ، وہ ان دنوں اچھی فارم میں ہیں ، وہ بطور بولر پارٹنر شپ بریکر کے نام سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں۔