5ویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی خواتین ناکام،سیریز جنوبی افریقہ کے نام

بینونی(سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقہ ویمنز نے فیصلہ کن ٹی20 میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔جمعرات کو کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 125رنز بنائے

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار28، عالیہ ریاض 26، بسمہ معروف23 اور جویریہ خان 20رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔جواب میں جنوبی افریقہ ویمنز نے 126رنز کا ہدف 15.1اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔جنوبی افریقہ ویمنز کی جانب سے لیزلے لی نے جارحانہ 75رنز اورڈی کلیرک نے 37رنز بنائے۔پانچویں ٹی20 میں فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے سیریز 2-3 سے جیت لی۔جنوبی افریقہ کی لیزلے لی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ندا ڈار کے نام رہا۔

تعارف: newseditor