سنگاپور(سپورٹس لنک رپورٹ) ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے 2020ء کے ایشیاء کپ کی میزبانی پاکستان کو دیدی گئی ہے۔ ایشیاء کپ ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ سنگاپور میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سری لنکن حکام کی بھی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے سری لنکن بورڈ سے سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ کرکٹ کو ایشین گیمز 2022ء میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ کے انعقاد کا فیصلہ 1983ء میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے لے کر اب تک ہر دو سال بعد اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
پہلا ایشیا کپ 1984ء میں شارجہ کی سرزمین پر کھیلا گیا۔ سری لنکا کیساتھ کشیدگی کی وجہ سے بھارت نے 1986ء میں ایشیا کپ کا بائیکاٹ کیا جبکہ 1990ء میں بھارت کے ساتھ سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان نے یہ ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔2015ء میں ایشین کرکٹ کونسل کی ڈاؤن سائزنگ کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ ایشیا کپ کے میچز بالترتیب ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے۔ریکارڈ پر نظر دوڑائی جائے تو انڈین ٹیم 7 مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر پہلے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا نے پانچ مرتبہ اس میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان نے 2 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔