ناٹنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 21اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 105 رنز بناسکی تھی، جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے پر حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور 46 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر شائی ہوپ 11 اور ویوائن براوو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کو محمد عامر نے آؤٹ کیا۔دوسرے اینڈ پر کرس گیل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے تیزی کے ساتھ رنز بنائے اور شاندار نصف سنچری اسکور کی۔گیل 34 گیندو ں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اُن کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی۔نکولس پورن 28 اور شمرون ہٹمائر 7 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 13 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 3 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ورلڈ کپ کے دوسرے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قومی ٹیم کو پہلا نقصان 17 کے مجموعی اسکور پر ہوا لیکن پھر اس کے بعد پاکستانی کھلاڑی ایک کے بعد ایک کر کے پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم 22 ویں اوور میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا دوسرا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔1992 کے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنے سب سےکم ترین اسکور 74 رنز پر آوٹ ہو گئی تھی تاہم میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔