برسٹل(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں میں آج پاکستان اور سری لنکا کا آمنا سامنا ہونا ہے تاہم بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم پچ کو اب تک کپڑا ڈال کر ڈھانپ رکھا ہے اور میچ کا ٹاس بھی نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوپہر کے بعد تیز ہواؤں کے سا تھ جھکڑ اور طوفان کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری ہے تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔یاد رہے کہ ورلڈکپ کی تاریخ میں سری لنکا پاکستان سے ورلڈ کپ کا کوئی میچ نہیں جیتا ہے۔پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں، سری لنکا کو پاکستان پر بہتر اوسط کی بدولت برتری حاصل ہے۔ایونٹ میں اب تک پاکستان ٹیم نے دو میچز کھیلے ہیں، پہلے میچ میں قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں تمام توقعات کے برعکس شاہینوں نے ایونٹ کی ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 14 رنز سے مات دی۔ایونٹ میں سری لنکا نے بھی دو میچز کھیلے ہیں اور ایک میں کامیابی دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے، ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔