ٹاونٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ میں بارش کے باعث میچزاور ٹریننگ سیشنز کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔برسٹل میں آج بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بھی تاخیر کا شکار ہے جبکہ ٹاونٹن پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کل ہونے والے میچ کی پریکٹس سیشن بھی متاثر ہوچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث سردی میں بھی اضافہ ہوا ہے،گراؤنڈ اسٹاف پچ کو خشک کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ وکٹ کو بدستور کور کیا ہوا ہے۔تازہ صورتحال کے مطابق برسٹل میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور دن میں بھی آج مزید بارش کا امکان ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بدھ کو ہونے والے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا میچ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے گراؤنڈ میں موجود ہے مگر موسم پریکٹس کے لیے ناساز ہےجبکہ پاکستانی ٹیم کا بھی پریکٹس سیشن متاثر ہوکے رہ گیا ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ناٹنگھم میں پاکستان کی جیت کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برسٹل میں ہونیوالا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں جیت نے پاکستان ٹیم کو اعتماد دیا ہے اور آسٹریلیا کیخلاف تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔