لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے کرکٹ بورڈ نے جن گراؤنڈز کا انتخاب کیا ہے ان میں راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز بھی شامل ہیں جن کی تزئین و آرائش کے لیے ٹینڈرز طلب کر لیے گئے۔راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے لیے 150 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے اور اس حوالے سے پیشکشیں جمع کرانے اور کھولنے کے لیے 3 جولائی کی تاریخ مقرر ہے۔ پی سی بی نے پی ایس ایل 5 کے لیے کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ لاہور اور کراچی کے گرانڈز گزشتہ ایڈیشنز کے باعث قدرے بہتر ہیں تاہم راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی میزبانی کریں گے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سنائی تھی کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور کے علاوہ ملتان اور راولپنڈی میں بھی ہوں گے۔