محمد عامر نے شاہد آفریدی کا تھپڑ کھانے کے بعد اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کر لیا تھا، عبدالرزاق

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے انکشاف کیا ہے کہ محمد عامر نے شاہد آفریدی کا تھپڑ کھانے کے بعد اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کر لیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ 2010 میں انگلینڈ کے دورے سے قبل ہی پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ کرپشن میں ملوث تھے۔عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد میں اور شاہد آفریدی عامر کے کمرے میں گئے، آفریدی نے مجھے کمرے سے باہر رکنے کا کہا۔انہوں نے کہا کہ تھوڑی دیر کے بعد مجھے تھپڑ کی آواز سنائی دی جس پر میں کمرے میں گیا تو پتہ چلا کہ عامر نے آفریدی کواسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے سب کچھ بتا دیا۔سابق آل راؤنڈر نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا ذمہ دار پاکستان کرکٹ بورڈ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے سارے معاملے کو صحیح طرح سے نہیں سنبھالا جس پر آئی سی سی نے مداخلت کرتے ہوئے کیس خود حل کرنے کا فیصلہ کیا۔ایک اور واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کے دوران سلمان بٹ نے جان بوجھ کر کچھ گیندوں پر رنز نہیں بنائے اور بار بار کہنے کے باوجود ایک رن لے کر مجھے موقع نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ بٹ کے اس عمل پر شک ہوا کہ وہ دانستہ طور پر ایسا کر رہا ہے، انہوں نے اپنے شکوک کا اظہار اس وقت ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی سے بھی کیا تھا۔

error: Content is protected !!