برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)جونی بیئراسٹو اور جیسن روئے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو ورلڈ کپ کے میچ میں فتح کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔جیسن روئے اور بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 22اوورز میں 160رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا،، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب متبادل فیلڈر رویندرا جدیجا نے شاندار کیچ لے کر روئے کی 66رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔دوسرے اینڈ پر موجود بیئراسٹو نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 109 گیندوں پر 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی وکٹ بنے۔انگلینڈ کے کپتان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر جو روٹ کا ساتھ دینے بین اسٹوکس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 70رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو برقرار رکھا، روٹ 44رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ جوز بٹلر بھی صرف 20رنز ہی بنا سکے۔بین اسٹوکس نے اپنی بہترین فارم کو برقرار رکھا اور اختتامی اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے۔انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں جبکہ کلدیپ اور بمراہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے آئندہ دونوں میچز جیتنے کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کھیلنے کی کوشش کریں گے۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، تاہم پہلے میچ کے بعد اب ہدف کا تعاقب کرنا ان کے لیے ایک اچھا چیلنج ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کے میچ کا نتیجہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور مجھے امید ہے کہ آج پاکستانی شائقین بھی بھارتی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہوں گے۔خیال رہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے آج انگلینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم کی فتح درکار ہے۔انگلینڈ کے ٹورنامنٹ میں 7 میچز کے بعد 8 پوائنٹس ہیں اور اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے 2 میچز میں فتح درکار ہے جس کے ساتھ اس کے پوائنٹس 12 ہوجائیں گے اور وہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کر جائے گا۔تاہم اگر انگلینڈ کی ٹیم کو شکست ہوتی ہے تو وہ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی جبکہ فائنل 4 کے لیے پاکستان کی راہیں ہموار ہوجائیں گی۔