پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تقرری کیلیے کمیٹی قائم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تقرری کیلیے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدواروں میں اعجاز احمد،اعظم خان، عتیق الزمان اور شاہد نذیر شامل ہیں جب کہ امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگا۔گزشتہ ماہ پی سی بی نے اشتہار جاری کرتے ہوئے انڈر 19کوچ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔ امیدواروں کے لیے انٹرنیشنل کرکٹر اور لیول 2کوچنگ کورس کا حامل ہونا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ بین الاقوامی یا اعلی سطح پر کام کرنے کا 3سالہ تجربہ لازمی بتایا گیا تھا،ملکی یا صوبائی سطح پر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے پلان بنانے کی مہارت، ٹیلنٹ کی تلاش کرنے کا علم ہونا بھی شرائط میں شامل تھے۔ پرفارمنس کے تجزیئے کیلیے آئی ٹی میں مہارت بھی ضروری قرار پائی۔ امیدوار سے نوجوان کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کیلیے کامیاب تجربات کی فہرست بھی پوچھی جائے گی۔انڈر 19کوچ کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ گیم پلاننگ اور ایونٹس کی تیاری بھی کروانا ہے، کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے کام کرنا اور ٹیم کلچر کو انٹرنیشنل تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کرنا ہے۔ ملک میں لیول 4 کوچز کے ہوتے ہوئے صرف لیول 2کی شرط رکھے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی امیدوار کو موزوں بنانے کا ذہن پہلے ہی بنایا جاچکا ہے۔

error: Content is protected !!