کوٹلی لائنز کی آخری میچ میں پہلی کامیابی مگر ٹورنامنٹ سے باہر

مظفر آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)کوٹلی لائنز نے ٹورنامنٹ کا اختتام بہتر انداز میں کرتے ہوئے پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت قبول کی تو ناصر نواز نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور حیدرعلی کے ساتھ مل کر اوورسیز واریئرز کو 211 کا مجموعہ دلوادیا۔ ابتدامیں نوید ملک (4) کی وکٹ گنوانے کے بعد ناصر نواز اور حیدر علی نے دوسری وکٹ کیلئے 118رنز کی شراکت کا اہتمام کردیا۔ ناصر نواز نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی آمیزش سے 66 رنز کی عمدہ باری کھیلی جبکہ سات چوکوں اور تین چھکوں سے سجی حیدرعلی کی 62رنز کی اننگز 38 گیندوں کی محتاج تھی۔ اختتامی اوورز میں اعظم خان کے لاٹھی چارج نے کوٹلی لائنز کو مزید نقصان پہنچایا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے 51رنز کی اننگز کھیلنے کیلئے صرف 22گیندوں کا سہارا لیا اور چار چوکوں کے علاوہ پانچ زوردار چھکے لگاتے ہوئے تماشائیوں کو بھرپور لطف فراہم کیا۔ اوورسیز واریئرز نے مقررہ 20اوورز میں 211/6کا مجموعہ اسکوربورڈ پر سجایا جبکہ کوٹلی لائنز کی جانب سے خرم شہزاد 3/39کی کارکردگی کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ٹھہرے۔

کوٹلی لائنز کے کپتان کامران اکمل نے آخری میچ میں اپنی فارم بحال کرلی اور نوجوان اوپنر جنید علی کے ساتھ مل کر نو اوورز میں اسکوربورڈ پر 100کا ہندسہ سجا دیا مگر اسی اوور میں کامران اکمل 35گیندوں پر دس چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 60رنز کی قیمتی اننگز کھیلنے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جنید علی نے بھی واریئرز کی پیش قدمی روکنے کیلئے 28گیندیں استعمال کرتے ہوئے 51 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ احسان علی گزشتہ میچ میں 99رنز بنانے کے باوجود اپنی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکے مگر آج احسان علی نے 56* رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جو 29گیندوں کی محتاج تھی۔ احسان علی کو چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے دیکھنے والے آصف علی نے بھی جیت میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے23 گیندوں پر 34* رنز بنائے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عماد وسیم اور فیضان سلیم ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے جبکہ کوٹلی لائنز نے 19اوورز میں 215/2کے مجموعے کے ساتھ 8وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ کوٹلی لائنز اگرچہ پلے آف کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی جبکہ شکست کے باوجود اوورسیز واریئرز 4پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

error: Content is protected !!