کرکٹ ویسٹ انڈیز سالانہ ایوارڈز کا میلہ جیسن ہولڈرنے لوٹ لیا

اینٹیگووا(سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان اور سٹار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر اور ویمنز کرکٹر دیندرا ڈوٹن نے کرکٹ ویسٹ انڈیز سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا،

ہولڈر پلیئر آف دی ایئر اور ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر قرار پائے جبکہ ڈوٹن نے ویمنز کیٹگری میں تینوں ایوارڈز جیت کر کلین سویپ کر دیا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز سالانہ ایوارڈز کی تقریب اینٹی گووا میں منعقد ہوئی جس میں ایک سال کے دوران ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مردوخواتین کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ہولڈر کی ایک سال کے دوران کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے 1974 میں گیری سوبرز کے بعد دنیا کا بہترین آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا

جس کی وجہ سے انہیں پلیئر آف دی ایئر اور ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ شائی ہوپ نے مسلسل دوسری مرتبہ ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ کیموپال بہترین ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ لے اڑے۔

دوسری جانب ویمنز کیٹگری میں دیندرا ڈوٹن نے پلیئر آف دی ایئر، ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اور ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز جیت کر کلین سویپ کر دیا۔ جوئل ولسن ایمپائر آف دی ایئر قرار پائے۔

تعارف: newseditor