کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شہید امجد اقبال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 4میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ کورنگی فرینڈز نے لانڈھی جیم خانہ کو 3وکٹوں‘ او کے اسپورٹس نے ینگ مظفر آباد جیم خانہ کو 14رنز ، شیرپاؤ جیم خانہ نے کامران اسپورٹس کو 9وکٹوں اور الحدید سی سی نے کورنگی فائٹر کو 5وکٹوں سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا۔ کے سی سی اے زون Vکے زیر اہتمام لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر جاری ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں لانڈھی جیم خانہ نے پہلے بیتنگ کرتے ہوئے 18ویں اوورز میں 115رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خبیر نے 27اور زرق خان نے 20رنز بنائے۔ عمران نے 3، ساجد اور عبدالسلام نے 2,2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔لانڈھی جیم خانہ نے جوابی اننگز میں 19ویں اوورز میں 7وکٹوں پر 119رنز بنا کر فتح کو یقینی بنالیا۔نوید شاہ نے 31اور عبدالسلام نے 28رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔سجاول خان نے 3اور زرق خان نے 2وکٹیں اپنے نام کیں۔دوسرے میچ میں اوکے اسپورٹس نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 197رنز کا مجموعہ اپنے نام کیا۔مہر علی نے 68اور عبیدالرحمن نے 64رنز کی باری کھیلی۔ خورشید خان کو 44رنزپر 2وکٹیں ملیں۔ینگ مظفر آباد جیم خانہ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19ویں اوورز میں 193رنز پر پویلین لوٹ گئی۔خورشید خان نے 60اور حسن علی نے 58رنز کی زبردست مزاحمتی اننگز کھیلی۔ محمد سلمان اورمحمد علی نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔تیسرے میچ میں کامران اسپورٹس نے پہلے اننگز کا آغاز کیااور 18.1اوورز میں تمام وکٹوں پر 125رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر لگایا۔ساجد طاہر نے 28اور انوراﷲ نے 21رنزاسکور کئے۔ سجاد علی نے 3جبکہ نسیم سولنگی اور اختر حسین نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔شیرپاؤ جیم خانہ نے 10.3اوورز میں باآسانی 127رنز کا ہدف ایک وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔ جب 127رنز جوڑے گئے۔ خالد احمد نے 63اور رفیق خان نے 45رنز کی فتح گر اننگز میں پہلی وکٹ پر104رنز کی شراکت قائم کی۔ عاقب جعفری نے حریف ٹیم کی واحد وکٹ اپنے نام کی۔چوتھے میچ میں کورنگی فائٹر نے پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اور 17.5اوورز میں تمام وکٹوں پر 108رنز سمیٹے۔ یاسین احمد نے 39اور اویس احمد نے 20رنز بنائے۔ محمد عرفان نے 3جبکہ منظر علی اور شعیب خان کے ہاتھ 2,2وکٹ لگے۔ الحدید سی سی نے 18اوورز میں 5وکٹوں پر مطلوبہ ہدف 109رنز حاصل کرلئے جب سابق قومی کپتان یونس خان نے 58رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔ عمران حیدرنے 21رنز کا حصہ ڈالا۔ حسن نے 2اور نگاہ محمد نے ایک کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔