قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل،سنٹرل پنجاب نے پہلی فاتح سمیٹ لی

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل،ناردرن کو اسپن کے جال میں پھنسا کر سنٹرل پنجاب نے پہلی فتح سمیٹ لی،بلوچستان کے خلاف سدرن پنجاب فالو آن کا شکار،اشفاق احمد کی سنچری خیبرپختونخوا کو میچ میں واپس لے آئی۔ تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا پہلا نتیجہ خیز مقابلہ ثابت ہوا۔ میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کرکٹ ٹیم کو 1 اننگز اور 100 رنز سے شکست دی۔ اسپنرز ظفر گوہر اور بلال آصف نے مجموعی طور پر میچ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی ناردرن کرکٹ ٹیم کی جانب سے آفاق رحیم اور حیدر علی نے میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز کا آغاز کیاتو آفاق رحیم 54 گیندوں پر 14 رنز بنا کرفاسٹ باؤلر احسان عادل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ 153 منٹ کریز پر موجود رہنے والے حیدر علی بھی محض 33 رنزاسکور کرکے ہمت ہارگئے۔ 116 گیندوں کا سامنا کرنے والے حیدر علی کو وقاص مقصود نے آؤٹ کیا۔ فاسٹ باؤلرز کی جانب سے اوپنرز کا شکار کرنے کے بعد سنٹرل پنجاب کے اسپنرز نے ناردرن کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا اور 219 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے تجربہ کار اسپنر بلال آصف نے 4 اور ظفر گوہر نے 3 شکار کیے۔ مجموعی طور پر ظفر گوہر نے میچ میں 7 اور بلال آصف نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 433رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ دوسری جانب بگٹی اسٹیڈیم میں جاری میچ کیتیسرے روز مہمان ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی۔ بلوچستان کے 500 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں308 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نیدوسری اننگز میں 132 رنز بنائے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ اس سے قبل 161 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر سدرن پنجاب نے تیسرے روز بیٹنگ کا آغاز کیا تو عمر صدیق اپنے انفرادی اسکور میں کسی رنز کا اضافہ کیے بغیر67 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم عمران رفیق نے دوسرے اینڈ سے مزاحمت جاری رکھی۔ وہ 110 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 19 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔آلراؤنڈر بلاول بھٹی کے 57 رنز کی بدولت سدرن پنجاب کی ٹیم 308 رنز بناسکی۔ مہمان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین راحت علی تھیجنہوں نے 2 رنز اسکور کیے۔ بلوچستان کی جانب سے اسپنر محمد اصغر نے 3 جبکہ یاسر شاہ، تاج ولی اور عمر گل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سدرن پنجاب کی جانب سے کپتان شان مسعود اور سمیع اسلم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 84 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔ شان مسعود 45 اور سمیع اسلم 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تیسرے روز سدرن پنجاب کی جانب سے آؤٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین صہیب مقصود تھے۔ انہوں نے 4 رنز بنائے۔دن کے اختتام پر عمر صدیق 26 اور عمران رفیق 16 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 اورمحمد اصغر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کرچکے ہیں۔مہمان ٹیم اب بھی 60 رنز کے خسارے میں ہے۔ اس سے قبل بلوچستان کے کپتان عمران فرحت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 500 رنز بنا کرپہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

ادھر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری دوسرے راؤنڈ کے میچ میں سندھ کے 476 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنالیے ہیں۔ اشفاق احمد نے سنچری جبکہ عادل امین نے نصف سنچری بنائی۔ ذوہیب احمد 70 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو مہمان ٹیم نے 97 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کے تیسرے روز خیبرپختونخوا کی جانب سے عادل امین انفرادی اسکور میں 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 70 رنز بنائے تاہم اشفاق احمد کی مزاحمت جاری رہی۔ انہوں نے15 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی۔جس کے بعد ذوہیب خان میزبان باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے۔ وہ 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔وکٹ کیدوسری طرف عمر خان 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں ابھی 180 رنز کے خسارے میں تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔خراب موسم کے باعث تیسرے روز کے اختتام تک خیبرپختونخوا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے۔ اس سے قبل عمیر بن یوسف اور فوا د عالم کی سنچریوں کی بدولت سندھ نے9 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنزبنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

error: Content is protected !!