کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے عہدے پر تقرری میرٹ پر نہیں ہو ئی، وقار یونس کے بالنگ کوچ بننے پر حیران اور پریشان ہوں ، وقار یونس کو ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر ہونا چاہئے تھا۔محمد یوسف کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئندہے ، سرکردہ کھلاڑی ہوتے تب بھی پاکستان ٹیم سری لنکا سے بہتر ہے۔سابق مایہ ناز بیٹسمین نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر ہر سال تبدیل ہوتا ہے
اس مرتبہ کچھ زیادہ تبدیل کر دیا گیا، نئے اسٹرکچر سے غریب گھرانے کے کرکٹرز کو نقصان ہو گا۔سابق کپتان نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے پاس تو چیف سلیکٹر کی حیثیت سے وقت ہی نہیں ہو گا، ہیڈ کوچ کب فرسٹ کلاس میچز دیکھنے جائے گا، صوبائی کوچز کو سلیکٹرز کا کام کرنا ہے تو پھر چیف سلیکٹر کی ضرورت نہیں۔محمد یوسف نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وقار یونس غیرمعمولی فاسٹ بولر تھے لیکن اُنہیں جب عہدہ ملتا ہے تو ان کا رویہ بدل جاتا ہے، جس کی نشاندہی عبدالرزاق، شعیب اختر اور شاہد آفریدی بھی کرچکےہیں ، وقار کو اپنی اس عادت کو بدلنا ہو گا۔