پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹکرائو کل،دونوں کپتانوں کے جیت کے دعوے

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کل سے کراچی میں شروع ہورہی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد یادگار سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پر امید ہیں، جبکہ سری لنکن کپتان تھیری مانے بھی اپنی ٹیم کے نوجوان کرکٹرز کی جانب سے بہترین پرفارمنس کی آس لگائے بیٹھے ہیں ۔تین ایک روزہ میچز کی یہ سیریز کراچی میں کھیلی جارہی ہے، اور سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے جمعرات کو کراچی میں پریکٹس سیشن کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دوپہر پریکٹس کرنے پہنچی تو کچھ ہی دیر بعد بارش نے پاکستان ٹیم کی پریکٹس کو روک دیا ، کچھ دیر گیلی آوٹ فیلڈ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی پریکٹس رکی رہی۔ تاہم شام میں دوبارہ پاکستانی کرکٹرز نے پریکٹس سیشن کیا۔

جس کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز حمد نے کہا کہ سیریز پاکستان کیلے یادگار موقع ہے، امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ ہوگا، پاکستان ٹیم پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور کرکٹ کھیلے گی ۔اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی، دونوں کپتانوں نے سیریز کی چمچماتی ٹرافی پر نظریں جمائی اور اس کو حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔سری لنکن کپتان تھیری مانے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ہے اور امید ہے کہ یہ کرکٹرز پاکستان کے خلاف سیریز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے ، سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو اندازہ ہے کہ اس سیریز میں ان کے پاس اپنا ٹیلنٹ ثابت کرنے کا اچھا موقع ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک ایک سو تریپن ایک روزہ میچز ہوچکے ہیں، جس میں سے نوے میچز میں پاکستان جبکہ اٹھاون میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کیخلاف اپنا اچھا ریکارڈ برقرار رکھنے کیلئے پر امید ہے۔

تعارف: newseditor