عظیم فائٹر محمد علی کی دوسری برسری

لاہور: (سپورٹس لنک رپورٹ) دنیائے باکسنگ کے عظیم فائٹر محمد علی کو ہم سے بچھڑے دو سال ہو گئے، ناک آؤٹس کے ماہر کا جذباتی گانا اور جوشیلا سٹائل آج بھی پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہے۔لیجنڈ باکسر محمد علی 17 جنوری 1942 کو امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل کے ایک عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ اپنے والد کے نام پر کیسیئس مارسیلس کلے کہلائے۔ تاہم 1960 میں 18 برس کی عمر میں انہوں نے اسلام قبول کر کے اپنا نام محمد علی رکھ لیا۔محمد علی نے تین مرتبہ باکسنگ کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ جیتا اور اولمپک میں سونے کا تمغہ اور شمالی امریکی باکسنگ کی چیمپئن شپ بھی جیتی۔ محمد علی نے اپنی زندگی میں کل اکسٹھ مقابلے کھیلے، جن میں سے 56 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 37 مقابلوں میں حریف کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ کردیا۔39 سال کی عمر میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے اداکاری اور گلوکاری کے شعبے میں بھی کام کیا۔ اپنی زندگی پر دو کتابیں بھی لکھیں۔1984 میں رعشے کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انہوں نے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔محمد علی نے زندگی میں چار مرتبہ شادی کی جس سے ان کی سات بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد 3 جون 2016 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

error: Content is protected !!