پاکستان کے بغیر دنیائے کرکٹ ادھوری ہے،سرفراز حمد

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بغیر ورلڈ کرکٹ ادھوری ہے، دنیا ئے کرکٹ کو یہی پیغام دوں گا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ایک روزہ میچز سے قبل پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان میں اب دو سال سے کرکٹ ہورہی ہے، دیگر بورڈز کو بھی دیکھنا چاہیئے کہ پاکستان میں کرکٹ کس انداز میں منعقد کی جارہی ہے، پی سی بی اور سیکیورٹی اداروں نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے کافی اہم کردار ادا کیا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کرکٹ کو ان کا یہی پیغام ہے کہ پاکستان کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کرے، دنیا جتنا زیادہ سپورٹ کرے گی، پاکستان میں اتنی جلد ہی کرکٹ بحال ہوگی۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بغیر دنیائے کرکٹ ادھوری ہے، پاکستان کرکٹ کا ہونا ورلڈ کرکٹ کیلئے بہت ضروری ہے، جو کھلاڑی پاکستان آئے ہیں ، وہی باہر جاکر بتائیں گے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کتنی بہتر ہے۔ ماضی میں جو کھلاڑی آئے ان کیلئے پاکستان آنا خوش قسمتی کا سبب بھی بنا جیسے ٹم پین ، جو ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان آئے اور اب آسٹریلیا کے کپتان ہیں۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی قومی ٹیم پاکستان بھیجی۔ یہ انٹرنیشنل ٹیم ہے اور وائٹ بال کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جاسکتا، سری لنکا سے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔

پاکستان میں بھی سیریز میں اچھی کرکٹ ہوگی اور پاکستانی پلیئرز اپنا بہترین کھیل پیش کرینگے۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ رضوان کو ٹیم میں بطور مڈل آرڈر بیٹسمین لیا گیا ہے جبکہ وہ وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں ، اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے سرفراز احمد نے عندیہ دیا کہ وہ پانچویں پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے، کیوں کہ تین پر بابر اور چار پر حارث سہیل بیٹنگ کرنے آئیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم ان کا ہوم گراونڈ ہے اور یہاں پر پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، وہ پہلے یہاں ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ کرائوڈ اس بار بھی ایسے ہی جوش کا مظاہرہ کرے گا جیسا پہلے کیا ۔سرفراز کا کہنا تھا کہ کہنا آسان ہوتا ہے کہ ٹیم چار سو یا پانچ سو کرلے گی، اس کیلئے کافی محنت درکار ہوتی ہے، ابتدائی تین، چار بیٹسمینوں کا کردار کافی اہم ہوتا ہے، کوشش کریں گے کہ سری لنکا کیخلاف میچز میں بڑا اسکور کریں۔

پچھلے دو ڈھائی سال میں پاکستان کرکٹ نے کافی بہتری حاصل کی اور ٹیم بڑا اسکور کرنے کی پوزیشن میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مصباح مختلف انداز کے کوچ ہیں، انہوں نے ہر کھلاڑی کو اپنا نیچرل گیم کھیلنے کا اعتماد دیا ہے، اور کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کوچ نے دیا ہےو ہ اس پر پورا اتریں۔سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے ون ڈے کی فائنل الیون پر ذہن بنالیا ہے لیکن حتمی اسکواڈ کل صبح وکٹ دیکھ کر فائنل کریں گے۔ بارش کی وجہ سے وکٹ ڈھکی ہوئی ہے اس لئے انہیں وکٹ دیکھنے کا موقع نہیں ملا، اس موقع پر انہوں نے قہقہ لگاکر کہا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی تو آتا ہے۔

تعارف: newseditor