لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کا آغاز ہوگیا۔ ہفتہ سے شروع ہونے والا راؤنڈ یکم اکتوبر بروز منگل تک جاری رہے گا۔بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے درمیان قائداعظم ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ کا میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں جاری ہے۔ ایک دہائی بعد کوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد مسلسل دوسرے میچ میں بھی بلے بازوں کا راج برقرار ہے۔ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے سلمان بٹ اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان عمران فرحت نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے کپتان اظہر علی اور سلمان بٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ تجربہ کار اوپنرز نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخصوص انداز میں رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کے درمیان 237 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔
کپتان اظہر علی 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 20 چوکے شامل ہیں۔ مضبوط اوپننگ شراکت کے باوجود مہمان ٹیم کے مڈل آرڈربیٹسمین بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین لوٹتے رہے۔ محمد سعد2، عثمان صلاح الدین 3 اور سعد نسیم 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے حتیٰ کہ گذشتہ میچ میں ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل بھی 24 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ 237 رنز کی اوپننگ شراکت کے باوجود سنٹرل پنجاب کی پانچویں وکٹ 310 رنز پر گرچکی تھی تاہم دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر سلمان بٹ حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹے رہے۔ وہ 24 چوکوں کی مدد سے 152 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ظفر گوہر 11 رنز بنا کردوسرے اینڈ سے ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑی کھیل کے دوسرے روز اننگز کا آغاز کریں گے۔
بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ عمر گل، عماد بٹ اور خرم شہزاد نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے پہلے روز بارش کے باعث صرف 32.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 126 رنزبنالیے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث 3 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ خیبرپختونخوا کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور اسرار اللہ کے ہمراہ اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ مشکل کنڈیشنز کے باوجود دونوں اوپنرز دن بھر محمد عباس، محمد عرفان اور عامر یامین پر مشتمل تجربہ کار باؤلنگ اٹیک کے سامنیڈٹے رہے۔
خیبرپختونخوا کے اوپنرز کے درمیان تاحال 126 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔دن کے اختتام پر صاحبزادہ فرحان 104 گیندوں پر 63 اور اسرار اللہ 99 گیندوں پر 52 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔صاحبزادہ فرحان کی اننگز میں 11 اور اسرار اللہ کی اننگز میں 7 چوکے شامل ہیں۔ میچ کے پہلے روز کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے سدرن پنجاب کے باؤلرز 11 اضافی رنز دے چکے ہیں۔ بارش کے باعث امپائرز کی جانب سے میچ کے پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کردیا گیا۔دوسری جانب کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری میچ بھی بارش سے متاثر ہوا۔ سندھ اور ناردرن کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کے پہلے روز 40 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ دن کے اختتام پر ناردرن نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل 5 گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان اسد شفیق نے نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کرنے کا اعلان کیا۔ ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب سے شکست کھانے والی ناردرن کرکٹ ٹیم میچ کے پہلے روز اپنے ہوم گراؤنڈ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔
ناردرن کی جانب سے تجربہ کار آفاق رحیم اور نوجوان بلے باز حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاحال ایونٹ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہنے والے آفاق رحیم ایک بار پھر جلدی وکٹ گنوا بیٹھے۔ وہ 44 کے مجموعی اسکور پر تابش خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اوپننگ پارٹنر کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 26 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان عمر امین بھی وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے صرف 13 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔ عمر امین 17 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ دن کے اختتام پر روحیل نذیر 17 اور علی سرفراز 3 اسکور بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سندھ کی جانب سے تابش خان اور کاشف بھٹی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔