ایشیا پیسفک بیس بال کے ڈائریکٹر تاکی ہارونا کی صوابی آمد

صوابی (سپورٹس لنک رپورٹ)پونی بیس بال انٹرنیشنل کے جاپان سے تعلق رکھنے والے ایشیا پیسفک بیس بال سافٹ بال کے ڈائریکٹر تاکی ہارو ناسوبیس بال ٹریننگ کا جائزہ لینے کے لئے یار حسین بیس بال اکیڈمی صوابی پہنچ گئے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ ان کے ہمراہ تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے دیگر عہدیداران جن میں ڈاکٹر شاہین گلریز (ڈائریکٹر یوتھ بیس بال ڈیویلپمنٹ)اور فخر امیر کاظمی (لیگل ایڈوائزر) شامل ہیں بھی موجود تھے۔ جاپانی ڈائریکٹر نے اکیڈمی میں بیس بال کا میچ دیکھا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کودیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اکیڈمی میں آکر بہت خوشی ہوئی۔ پاکستان میں بیس بال کا بہت عمدہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے صرف اچھی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اس اکیڈمی میں بیس بال سکاؤٹس کے ہمراہ آئیں گے۔میچ کے بعد ڈائریکٹر کھلاڑیوں میں گھل مل گئے اور ان کو گیم کے حوالے سے جبکہ وہاں موجود پاکستان ٹیم کے ممبر محمد حارث کو پچنگ کے حوالے سے مفید ٹپس دیں۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے وصال محمد کی خیبر پختونخواہ میں بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوابی جیسے علاقے میں بغیر کسی سپانسر کے اکیڈمی کو چلانا لائق تحسین بات ہے۔ فیڈریشن اکیڈمی کی ہر ممکن مدد کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اکیڈمی کے لئے بیس بال کا سامان بھی اکیڈمی کو عطیہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکیڈمی کے صدر وصال محمد نے جاپانی ڈائریکٹر مسٹر تاکی ہارو ناسو کا شکریہ ادا کیا اور ان کی اکیڈمی میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے تعاون سے کے پی بیس بال ایسوسی ایشن کے تحت اس اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ کوئی بھی سپانسر نہ ہونے کے باوجود فیڈریشن نے اس اکیڈمی کو چلانے کے لئے ایسوسی ایشن کی ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے اکیڈمی کے لئے بیس بال کا سامان دینے پر بھی فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا

error: Content is protected !!