پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی جاری

برسبین(سپورٹس لنک رپورٹ) دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر 64رنز سکور کرلیے ہیں اور گرین شرٹس پر اننگز کی شکست کا خطرہ تاحال منڈلا رہا ہے ۔برسبین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز کے ساتھ دوبارہ کیا تو ڈیوڈ وارنر 151 جبکہ مارنس لبوشین 55 رنز کےساتھ کریز پر موجود تھے۔

ڈیوڈ وارنر اپنے انفرادی سکور میں صرف 3 رنز کا اضافہ کر کے نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے،سٹیو سمتھ بھی صرف 4 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس موقع پر میتھیو ویڈ نے مارنس لبسشین کا بھرپور ساتھ دیا اور سکور کو 468 رنز تک پہنچا دیا۔پاکستان کو چوتھی کامیابی میتھیو ویڈ کی صورت میں ملی جنہوں نے 60 رنز بنائے، دوسرے اینڈ پر موجود مارنس لبسشین کے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری رہا۔

مارنس لبسشین نے ٹریوس ہیڈ اور ٹم پین کے ساتھ مل کر اپنی اننگز کو آگے بڑھانےکا سلسلہ جاری رکھا، ٹریوس ہیڈ 24 اور ٹم پین 13 رنز بناسکے۔ مارنس لبسشین اپنی اولین ڈبل سنچری سکور نہ کرسکے اور 185 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے ۔مارنس لبسشین کے بعد آنےوالے ٹیل اینڈرز آسٹریلوی بلے باز رنز میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 580 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پیٹ کمنز 7، مچل سٹارک 5 جب کہ ہیزل ووڈ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، نیتھن لیون 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 ، شاہین آفریدی اور حارث سہیل نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور عمران خان نے1 ،1وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور شان مسعود نے 340 رنز کے پہاڑ جیسے خسارے کے ساتھ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن 13 رنز کے مجموعی سکور پر کپتان اظہر علی آو¿ٹ ہوگئے۔

25 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان حارث سہیل کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 8 رنز بنائے۔اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ گئے ، بابر اعظم اور شان مسعود نے دن کے اختتا م تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کا سکور64رنز تک پہنچا دیا ۔ شان مسعود27اوربابر20رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ۔اس سے قبل قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں240رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی ۔

error: Content is protected !!