جاپانی بیس بال کوچ مسٹر کازویایاگی یار حسین بیس بال اکیڈمی صوابی پہنچ

صوابی (سپورٹس لنک رپورٹ)جاپانی بیس بال کوچ مسٹر کازویایاگی بیس بال ٹریننگ کا جائزہ لینے کے لئے یار حسین بیس بال اکیڈمی صوابی پہنچ گئے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسیب محمد، ڈاکٹر شاہین گلریز (ڈائریکٹر یوتھ بیس بال ڈیویلپمنٹ)، طارق ندیم انٹرنیشنل بیس بال پلیئر اور محمد قاسم حامد نائب کپتان پاکستان یوتھ بیس بال ٹیم اُن کے ہمراہ تھے۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے جاپانی کوچ نے یار حسین بیس بال اکیڈمی صوابی کا دورہ کیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے آفیشلز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اکیڈمی کے صدر وصال محمد خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

اکیڈمی کے کوچ خالد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔جاپانی کوچ نے اکیڈمی میں بیس بال کا میچ دیکھا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کودیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اکیڈمی میں آکر بہت خوشی ہوئی۔ پاکستان میں بیس بال کا بہت عمدہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے صرف اچھی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اس اکیڈمی میں بیس بال سکاؤٹس کے ہمراہ آئیں گے۔

میچ کے بعد جاپانی کوچ کھلاڑیوں میں گھل مل گئے اور ان کو گیم کے حوالے سے مفید ٹپس دیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اگر ان کھلاڑیوں کو باقاعدہ طور پر دو سے تین مہینے کی ٹریننگ دی جائے تو یہ کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے وصال محمد کی خیبر پختونخواہ میں بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوابی جیسے علاقے میں بغیر کسی سپانسر کے اکیڈمی کو چلانا لائق تحسین بات ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکیڈمی کے صدر وصال محمد نے جاپانی کوچ مسٹر کازویایاگی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی اکیڈمی میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے تعاون سے کے پی بیس بال ایسوسی ایشن کے تحت اس اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

کوئی بھی سپانسر نہ ہونے کے باوجود فیڈریشن نے اس اکیڈمی کو چلانے کے لئے ایسوسی ایشن کی ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے اکیڈمی کے لئے بیس بال کا سامان دینے پر بھی فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔جاپانی کوچ اپنے دو روزہ دورے کے اختتام پر کل اسلام آباد سے جاپان واپس چلے جائیں گے۔

error: Content is protected !!