میڈرڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)سپینش سپر کپ فٹبال کے سیمی فائنل میں ایٹلیٹکو میڈرڈ نے بارسلونا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، ٹائٹل کے لیے اس کا مقابلہ اتوار کو ریال میڈرڈ سے ہو گا جو ویلینشیا کو شکست دیکر فائنل میں پہنچی ہے۔سپر کپ کے سیمی فائنل میں بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا، لیکن دوسرے ہاف میں پانچ گول بنے۔
دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں ایٹلیٹکو نے برتری لی، جسے پانچ منٹ بعد ہی میسی نے برابر کر دیا۔ پھر گریزمین نے بارسلونا کو برتری دلائی ۔میچ کے آخری دس منٹ میں ایٹیلیٹکو کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے مزید دو گول داغ دیئے اور میچ تین۔ دو سے جیت کر فائنل میں پہنچ گئی۔
ایک اور سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ نے ویلینشیا کو آؤٹ کلاس کیا۔ ٹونی کروز نے 15ویں منٹ میں خوبصورت گول سے میڈرڈ کو برتری دلائی، 65 ویں منٹ میں ریال میڈرڈ نے اسکور تین صفر کر دیا۔
آخری لمحات میں ویلینشیا نے پنالٹی پر گول کر کے خسارہ کم کیا لیکن ریال میڈرڈ تین۔ایک کی فتح کے ساتھ فائنل میں پہنچ گئی۔