کارپوریٹ چیلنج کپ ،رائونڈ میچز میں ڈیجیٹل پلاننگ، کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان اور نووا میڈ کی کامیابی

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ چیلنج کپ کے رائونڈ کے جاری مقابلوں میں ڈیجیٹل پلاننگ، کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان اور نووا میڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گرائونڈ اور ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کارپوریٹ چیلنج کپ کے تین رائونڈ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں نووا میڈ نے جاز کو 83 رنزکے بڑے مارجن سے شکست دی ۔ نووا میڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ عمیر اکرم نے 83 اور اویس ملک نے 55 رنز کی اننگز کھیلی ۔فواد سیف نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

جواب میں جاز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 112 رنز بناسکی۔عمر طاہر نے 3 اور اویس ملک نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اویس ملک کو آل رائونڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کی ٹیم نے سٹوورٹ کو 26 رنز سے شکست دی۔ ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ علی ارحم نے 57 اور محمد فیاض نے 33 رنز جوڑے ۔ جواب میں سٹوورٹ کی ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فاتح ٹیم کے محمد فیاض نے 4 اور علی ارحم نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

محمد فیاض کو آل رائونڈر کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان نے سیماٹکس ٹیکنالوجی کو 6 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ۔ سیماٹکس ٹیکنالوجی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ وقاص الدین نے 41 اور برکت اللہ نے 25 رنز بنائے ،شرف الدین نے 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ سی جی اے کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ماجد علی نے 22 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محسن قریشی نے بھی 43 رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ ماجد علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تعارف: newseditor