عوام دل کھول کر وزیراعظم عمران کے فنڈ میں پیسے جمع کرائیں، ڈیرن سیمی کی اپیل

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے تمام پاکستانیوں سے وزیراعظم عمران خان کے کووڈ-19 ریلیف فنڈ میں اپنا اپنا حصہ شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔ڈیرن سیمی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میرا یہ خاص پیغام پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہے، آپ کے وزیراعظم نے کورونا سے جنگ لڑنے کے لیے ریلیف فنڈ کا اعلان کیا ہے جس کے لیے میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں‘۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ’ آپ کی مدد کوورنا کے خلاف جنگ لڑنے میں حصہ ہوگی، اس لیے یہی وقت ہے اس میں اپنا حصہ شامل کریں کیونکہ آپ کا عطیہ پاکستان میں کورونا وائرس کو شکست دینے میں کام آئے گا اور اس مشکل وقت میں بہت سے لوگوں کے لیے مدد گار ثابت ہوگا‘۔ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے یہ بھی لکھا کہ ’ہم سب کو اپنے بھائیوں کا خیال رکھنا ہے چلیے ایک دوسرے کی مدد کریں‘۔بعدازاں انہوں نے ہیش ٹیگ میں واضح بھی کیا کہ ’پاکستانی پاکستانیوں کے لیے ہیں‘۔

واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کے لیے صدر مملکت سے اعزازی شہریت کی درخواست کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے لیے کافی مثبت جذبات رکھتے ہیں اور انہیں اعزازی شہریت دی جائے۔جاوید آفریدی کی درخواست منظور بھی کر لی گئی تھی اور یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر انہیں اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ دیگر ایونٹس بھی منسوخ کردیے گئے۔

error: Content is protected !!