خاور شاہ کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سابق صدر سید خاور شاہ جو کہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز رہے تھے کو ہم سے جدا ہوئے دو برس بیت گئے۔سید خاور شاہ کھیلوں سے بہت زیادہ محبت رکھتے تھے اور تمام زندگی انہوں نے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کام کیا۔ اپنے دور ملازمت کے دوران بطور سپورٹس آفیسر انہوں نے کئی نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ انہوں نے کرکٹ ورلڈکپ کے میچز کا کامیابی سے انعقاد کیا۔

اُن کے صاحبزادے سید فخرعلی شاہ جوکہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر بھی ہیں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خاور شاہ جوکہ پاکستان میں بیس بال کے بانی بھی تھے نے 1992 میں اس کھیل کو پاکستان میں متعارف کروایااور مرتے دم تک اس کھیل کی پاکستان میں ترقی کے لئے کام کرتے رہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے شکار پاکستان میں اس وقت انٹرنیشنل بیس بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جب غیرملکی کھلاڑی او رٹیمیں پاکستان آنے سے کتراتی تھیں۔ خاور شاہ نے فاٹاجیسے دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے کا دورہ کرکے وہاں سے نیشنل بیس بال اکیڈمی کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائل لے کر اُن میں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیااور ان نوجوان کھلاڑیوں نے مختلف انٹرنیشنل بیس بال ٹورنامنٹس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔

سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ خاورشاہ کا آخری کام دبئی میں دبئی بیس بال کپ 2017کے نام سے انڈوپاک بیس بال سیریز کا انعقاد تھاجس میں پاکستان نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ دبئی کپ سے واپسی پر دسمبر 2017میں ہی اسلام آباد میں کھیلی جانے والی قائداعظم گیمز میں بیس بال کے ایونٹ کے لئے خاور شاہ اسلام آباد چلے گئے جہاں انہوں نے کامیابی کے ساتھ بیس بال کے مقابلے منعقد کئے لیکن اس انتھک محنت اور اسلام آباد کے ٹھنڈے موسم کی وجہ سے سید خاور شاہ بیمار ہوگئے۔ لاہور واپسی پر جب ان کا چیک اپ کروایا گیا تو ڈاکٹرز نے نمونیہ تشخیص کیا اور ان کو ہاسپٹل میں ایڈمٹ کرلیا گیا۔ جہاں ان کی طبیعت مزیدبگڑ گئی اور ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور 16-01-2018 کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ سید خاور شاہ تو فوت ہوگئے لیکن جب بھی پاکستان میں سپورٹس کی تاریخ لکھی جائے گی تو خاورشاہ کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ سپورٹس میں ان کی خدمات کبھی بھلائی نہ جاسکیں گی۔ اللہ پاک خاور شاہ صاحب کو اپنے جوارِرحمت میں جگہ عطافرمائے اور اُن کے درجات بلند فرمائے۔ آمین

error: Content is protected !!