لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے رواں ہفتے کے آغازمیں ماضی او ر دور حاضر کے اعلیٰ کرکٹرز کے آن لائن سیشنز کا سلسلہ ترتیب دینے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی موجودہ کھلاڑیوں اور ایمرجنگ کرکٹرز کے لیے وسیم اکرم اور بابراعظم کے علیحدہ علیحدہ آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا جہاں مجموعی طور پر 35 خواتین کرکٹرز کو مختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق مشورے دئیے گئے۔
آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، دونوں نے خواتین کھلاڑیوں کے لیے منعقدہ سیشنز میں محنت اور فٹنس کی اہمیت پر زوردیا۔انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں کامیابی کے لیے خواتین کرکٹرز کو برداشت اور مثبت سوچ پیدا کرنے کی ہدایت کی۔
بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ان سیشنز سے خواتین کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا۔بسمہ معروف نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے چند عظیم کرکٹرز میں شامل وسیم اکرم کے سیشنز سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔کپتان نے کہا کہ یہ سیشنزتمام کھلاڑیوں کیلیے بہت متاثرکن رہے۔
انہوں نے کہا کہ شاندار بلے بازی کی صلاحیتوں سے مالا مال بابراعظم کو سننا بھی ایک شاندار لمحہ تھا جہاں انہوں نے مختلف کنڈیشنز میں میچزکے لیے اپنی تیاری کے بارے میں بتایا۔ بسمہ معروف نے آن لائن سیشنز میں شرکت کرنے پر وسیم اکرم اور بابراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایمن انور:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلر ایمن انور نے وسیم اکرم کا آن لائن سیشن منعقد کروانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیجنڈری کرکٹر کے مفید مشوروں پر عمل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیشن کے دوران وسیم اکرم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نپی تلی باؤلنگ کرنے اور حریف بیٹر کا ذہن پڑھنے سے متعلق بھی مفید مشورے دئیے۔
ایمن انور نے کہا کہ سیشن کے دوران وسیم اکرم نے اپنے کیرئیر میں سے چند مثالیں دیں جس سے بہت فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا وہ پرامید ہیں کہ یہ سیشن ان کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کا سبب بنے گا۔
ڈیانا بیگ:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کاکہنا ہے کہ وہ وسیم اکرم کے آن لائن سیشن سے بہت متاثر ہوئی ہیں،عظیم فاسٹ باؤلر نے انہیں باؤلنگ میں مختلف ویری ایشنز اپنانے کے بارے میں بتایا۔
ڈیانا بیگ نے کہا کہ وسیم اکرم نے ایک باؤلر کی حیثیت سے دباؤ برداشت کرنے اور اپنی فٹنس کے معیار کو برقرار رکھنے سے متعلق مفید مشورے دئیے۔
منیبہ علی:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹر منیبہ علی کا کہنا ہے کہ بابراعظم ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سے انہیں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملے گا۔
منیبہ علی نے کہا کہ انہوں نے بابراعظم سے مشکل صورتحال میں اننگز کا پراعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگزمیں تبدیل کرنے کا فن سیکھنے کی کوشش کی ہے،جو کچھ سیکھا اسے حالات کے معمول پر آتے ہی عمل کریں گی۔
ارم جاوید:
ارم جاوید کا کہنا ہیکہ بابراعظم کے آن لائن سیشن میں شرکت کرنا ایک پرجوش لمحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے ایک کھلاڑی اور کپتان دونوں کی حیثیت سے دباؤ برداشت کرنے سے متعلق ٹپس دیں۔
ارم جاوید نے کہا کہ بابراعظم کی مستقبل کے بارے میں منصوبہ بندی اوراپنے اہداف کی تیاری سے متعلق جاننا بہت شاندار تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سیشن سے حاصل ہونے والا تجربہ میدان میں لاگو کریں گی۔