لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ایشیئن گیمز1954 ء میں فن پہلوانی میں سونے کا تمغہ جیتنے والے دین محمد کی ملک کے لئے خدمات سراہنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے لیجنڈز قومی ہیرو ہیں
دین محمد نے پاکستان کا نام روشن کیاہے ،اس لئے دین محمد کی تصویر سپورٹس بورڈ پنجاب کی وال آف فیم میں آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دین محمد کی خدمات پر حکومت پنجاب ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ فن پہلوانی پاکستان کا مقبول اور پنجاب کا روایتی کھیل ہے جس میں پاکستان نے نامور پہلوان پیدا کئے ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کیا ہے، پنجاب حکومت فن پہلوانی کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے،انہوں نے مزیدکہا کہ قومی ہیروز کی پزیرائی کو کسی طرح نظرانداز نہیں کرسکتے، سپورٹس بورڈ پنجاب دین محمد کی ہر ممکن مدد کریگا، نوجوان نسل کو ماضی کے قومی ہیروز سے روشناس کروانے کے لئے میڈیا سٹریٹجی پر کام جاری ہے۔