لاہور(سپورٹس لنک رپوٹ) پاکستان کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کو پی سی بی نے ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ تعینات کر دیا، ہائی پرفارمنس سنٹر کے لیے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے گرانٹ بریڈ برن کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق اور گرانٹ بریڈ برن کی تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے دونوں ہائی پرفارمنس سنٹر میں خدمات انجام دیں گے، ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹر نیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ تعینات کیا ہے جبکہ گرانٹ بریڈ برن ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچ مقرر ہوئے ہیں
، جبکہ عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز کا منیجر مقرر کیا گیا ہے ۔گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ بھی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ تعلق قائم رہنا اعزاز کی بات ہے۔اس موقع پر ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ ملک کی نمائندگی کرنا تو ایک اعزاز ہے ہی ساتھ میں نئی پیشکش پر وہ بہت خوش ہیں ۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہتے ہیں کہ ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا، ہائی پرفارمنس ٹیم وسیع بین الاقوامی تجربہ رکھتی ہے جس کا فائدہ ہو گا ۔واضح رہے کہ قومی ٹیم میں گرانٹ بریڈ کی جگہ اب نئے فیلڈنگ کوچ کی تعیناتی ہوگی۔