کیا اب محمد رضوان قومی سکواڈ کی فرسٹ چوائس ہیں؟مصباح الحق نے واضح کردیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بحالی کے لیے دورہ انگلینڈ انتہائی ضروری تھا اور جب ٹیم کی اچھی کارکردگی ہو گی تو اچھے نتائج بھی برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم سے متعلق کچھ معاملات حوصلہ افزا ہیں تاہم مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ موقع دیں گے۔ اب ہم طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی مستقبل میں اچھا کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر کام میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اس لیے ٹیم کو لمبے عرصے کے لیے تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوچز کے ناموں سے کبھی مسئلہ نہیں ہوا ہے کیونکہ ان کا کام ضروری ہے جب کہ بابراعظم پاور فل کپتان ہیں اور انہیں تمام فیصلوں کا اختیار ہے۔

مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ ایک میچ کی کارکردگی پر کسی کرکٹر کو جانچنا انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا، سرفراز احمد نے پورے دورے پر سخت محنت کی۔ ہمارے پلانز میں اس وقت دو وکٹ کیپرز ہیں ، سرفراز احمد ابھی رضوان کے بعد سیکنڈ چوائس وکٹ کیپر ہیں لیکن سرفراز کو ایک میچ کے بعد ڈراپ کرنا ٹھیک نہیں ہوگا۔ وہ اب بھی ہمارے مستقبل کے پلانز کا حصہ ہیں ۔

error: Content is protected !!