انڈر19 کے ٹرائلز 16 سے 19 ستمبر تک تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے مرکزی شہروں میں لیے جائیں گے

• مقامی شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کے ٹرائلز پہلے روز اور دیگر شہروں سے آنے والےکھلاڑیوں کے ٹرائلز دوسرے روز ہوں گے• یکم ستمبر 2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی اوپن ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے• ٹرائلز کے لیے کھلاڑی 11 سے 14 ستمبر تک بذریعہ ای میلtrialregistration@pcb.com.pk اور بذریعہ واٹس ایپ 03214365021، 03034445879اور 03314368821 رجسٹریشن کرواسکتے ہیں

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)حکومت پاکستان کی جانب سے پندرہ ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ نیشنل انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ (13 اکتوبر سے آغاز)اورنیشنل انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ (5 نومبر سے آغاز)کے لیے ڈومیسٹک انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل کے لیے اوپن ٹرائلز کروائے گا۔

اوپن ٹرائلز 16 سے 19 ستمبر تک تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے مرکزی شہروں میں لیے جائیں گے۔ یکم ستمبر 2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی اوپن ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ان ٹرائلز میں کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

مقامی شہروں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے ٹرائلز پہلے روز اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کے ٹرائلز دوسرے روز ہوں گے۔ اس حکمت عملی کا مقصد وینیوز پررش کم رکھنے اور تمام شہروں کے کھلاڑیوں کومساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ تیسرےاور چوتھے روز ٹرائلز میچز کروائے جائیں گے۔

نوجوانوں اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان ٹرائلز کی رجسٹریشن کو 4 روزتک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرائلزکے لیے کھلاڑی 11سے 14 ستمبر تک بذریعہ ای میل trialregistration@pcb.com.pk اور بذریعہ واٹس ایپ 03214365021، 03034445879اور 03314368821 رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔

تمام کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ وہ پری ٹرائلز ایج ویریفکیشن کی وجہ سےاپنے ب فارم کی اوریجنل کاپی اپنے ہمراہ لائیں۔ کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے کھانے پینے کا سامان اپنے ہمراہ لائیں۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹرائلز لیں گے۔ ایبٹ آباد، کراچی، ملتان اور کوئٹہ میں ٹرائلز کی نگرانی قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی جبکہ ان ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز بھی اس سلسلے میں ان کی معاونت کریں گے۔

قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سلیم جعفر نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر19 ٹیموں کی تشکیل کے لیے ٹرائلز سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے:

چیئرمین قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ پندرہ ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حکومتی فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے، لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیشنل انڈر19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب اب اوپن ٹرائلز کے ذریعے ہوگا۔سلیم جعفر نے مزیدکہا کہ کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال میں نوجوان کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر سلیکٹرز نے ابتدائی طور پر محدود کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں مدعو کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے یہ فیصلہ ابتدائی 291 کھلاڑیوں کی فہرست میں کچھ مستحق کرکٹرز کی عدم موجودگی پر مختلف حلقوں کی جانب سےآراء اور تبصروں کی بنیاد پر بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 18 ماہ گراس روٹ کی سطح پر ایچ گروپ کرکٹ کی سرگرمیاں محدود ہونے اور حکومت کی جانب سے 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلے کے باعث ہم نے اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرتے ہوئے اوپن ٹرائلز کروانے کا فیصلہ کیا ہے، لہٰذا اب یکم ستمبر 2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے تمام کرکٹرز کے پاس ٹیم میں جگہ بنانے کا یکساں موقع موجود ہے۔

سلیم جعفر نے درخواست کی ہے کہ جو کھلاڑی بھی اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں وہ اپنے برتھ سرٹیفیکٹ کی منظور شدہ کاپی اپنے ہمراہ ضرور لائیں۔

شیڈول(صبح 8 سے شام 6بجے):

ٹرائلز برائے بلوچستان انڈر19 ٹیم بمقام بگٹی اسٹیڈیم ،بتاریخ 16 تا 19 ستمبر
ٹرائلز برائے سنٹرل پنجاب انڈر19ٹیم، بمقام ایل سی سی اے گراؤنڈ، بتاریخ 16 تا 19 ستمبر
ٹرائلز برائے خیبرپختونخوا انڈر19 ٹیم،بمقام ایبٹ آباد اسٹیڈیم، بتاریخ 16 تا 19 ستمبر
ٹرائلز برائے ناردرن انڈر19ٹیم،بمقام پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، بتاریخ 16 تا 19 ستمبر
ٹرائلز برائے سندھ انڈر 19ٹیم، بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی، بتاریخ 16 تا 19 ستمبر
ٹرائلز برائے سدرن پنجاب انڈر19 ٹیم، بمقام ملتان اسٹیڈیم، بتاریخ 16 تا 19 ستمبر

اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

error: Content is protected !!