جان شیر خان خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ساتھ منسلک ہوگئے

سکواش کھیل میں جو خلا پیدا ہوئی اسے پر کرنے اور ملک کو نئے عالمی چیمپئن دینے کی بھر پور کوشش کرونگا،جان شیر خان


سکواش کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت اقدامات اٹھارہی ہے نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مختلف پروگرام جاری ہے،اسفندیار خان خٹک


پشاور( سپورٹس رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خواہش کے مطابق سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کو تربیت دینگے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان کے ساتھ حالیہ گفتگو میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ سکواش کی دوبارہ بحالی اور خیبرپختونخوا میں سکواش کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں جان شیر خان روزانہ کی بنیاد پر اکیڈمی کے بچوں کے ساتھ میچز اور سکواش کے بیسک تربیت کے حوالے سے اقدامات اٹھائیں گے ۔

سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا کہ حکومت نے کھلاڑیوں کی کوچنگ کا موقع دے کر صوبے کی بچوں کو ٹرینگ دینے کی خواہش پوری کردی،سکواش کھیل میں جو خلا پیدا ہوئی اسے پر کرنے اور ملک کو نئے عالمی چیمپئن دینے کی بھر پور کوشش کرونگا،خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن اچھی تربیت کی فقدان ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خان اور ڈائریکٹر اپریشن سید ثقلین شاہ کے ہمراہ پشاور سپورٹس کمپلکس میں میڈیا بریفنگ کے دوران جان شیر خان نے کہا کہ جتنی سہولیات خیبرپختونخوا میں کھلاڑیوں کو ملتی ہے کسی ملک میں بھی نہیں ملتی،سکواش واحد کھیل ہے جس میں کوچنگ اور ٹرینگ کی بہت اہمیت ہے ،اچھی ٹرینگ اور کوچنگ نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کی بہترین ٹیلنٹ ضائع ہورہی ہے ،

ان کا کہنا تھا کہ پچیس سال سکواش کھیل چکا ہوں اور اب بھی کھیل سکتا ہوں ،اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اسفندیار خان نے جان شیر خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سابق سکواش عالمی چیپمئن جان شیر خان کی کوچنگ صوبے کے کھلاڑیوں کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ان کی کھلاڑیوں کو تربیت دینے سے کھلاڑیوں کو حوصلہ جبکہ سکواش کے فروغ کیلئے کارامد ثابت ہوگا،انہوں نے کہا کہ سکواش کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت مختلف اقدامات اٹھارہی ہے نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مختلف پروگرام جاری ہے ،ریوائیول آف سکواش پراجیکٹ کے تحت 8 نئے کورٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ پشاور ریلوے حکام سے زمین کی لیز کے حصول کے سلسلے میں بات چیت ہورہی ہے اس زمین پر 9 سکواش کورٹس،جیم،سوئمنگ پول اور ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا،ایک سوال کے جواب میں اسفندیار خان نے کہا کہ حکومت انٹرنشنل کرکٹ کو پشاور میں منعقد کرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہے ،حیات آباد سپورٹس کمپلکس کی ڈیزائن مکمل ہوگئی ہے تاہم اگلے ہفتے تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کے پی ایس ایل سے پہلے حیات آباد گرونڈ کو تیار کریں جبکہ پی ایس ایل کے میچز کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کی کلئرنس کے بعد کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!