شامی کی 7 وکٹیں ،کوہلی ، شریاس کی سنچریاں، بھارت چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

 

 

شامی کی 7 وکٹیں ،کوہلی ، شریاس کی سنچریاں، بھارت کی نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست

……. اصغر علی مبارک……

 

بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کے ایک قدم کے فاصلے پر ہے پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے کھیل کے تمام شعبہ میں مخالف ٹیم نیوزی لینڈ کو مات دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا

بیٹنگ میں بھارت نے ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کی سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہاڑ جیسا ہدف دیا بولنگ میں رہی سہی کسر بالر محمد شامی نے سات وکٹیں حاصل کر کےپوری کر دی پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 398 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم 327 رنز بناسکی۔ بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر محمد شامی 7 وکٹیں لے کر نمایاں رہے،

 

 

انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اس کے دونوں اوپنرز ڈیون کونوے اور راچن رویندرا 13، 13 رنز بنا کر 39 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے،

دونوں کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔ ایسے میں ڈیرل مچل اور کپتان کین ولیمسن کے درمیان 181 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے نیوزی لینڈ کو جیت کی امید دلائی۔

تاہم 220 کے مجموعے پر بھارتی بولر محمد شامی ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کے لیے مردِ بحران ثابت ہوئے اور انہوں نے پہلے 69 رنز بنانے والے کین ولیمسن اور پھر اسی مجموعے پر ٹام لیتھم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ ڈیرل مچل کا ساتھ گلین فلپس نے نبھایا،

دونوں کے درمیان 75 رنز کی شراکت قائم ہوئی، تاہم اس مجموعے پر 41 رنز بنانے والے فلپس کو جسپریت بمرا نے آؤٹ کردیا۔ نیوزی لینڈ کے نئے آنے والے بلے باز مارک چیپمین بھی صرف 2 رنز کے مہمان ٹھہرے جنہیں کلدیپ یادیو نے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کروایا۔ ایک جانب کھڑے ڈیرل مچل بھی رن ریٹ کے سامنے ہمت ہار گئے

اور 46ویں اوور میں محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد شامی کی 7 وکٹوں کے علاوہ جسپریت بمرا، کلدیپ یادیو اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

اسکے بعد بھارتی بولرز نے یکے بعد دیگرے کیوی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھا کر 327 رنز پر اسکی اننگز تمام کردیاس سے پہلے بھارت نےسیمی فائنل کا سب سے بڑا اسکور کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا ۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما نے روایتی جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 5.2 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔

روہت شرما نے 29 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن 71 کے مجموعے پر ٹم ساؤدھی کی گیند پر اپنے کیوی کپتان کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود شبمن گلِ کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 93 رنز بنائے ۔

شبمن گل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن اسی اسکور پر انہیں پٹھوں میں کھنچاؤ کی شکایت ہوئی اور وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

اس وقت تک بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 162 رنز بنائے تھے اور امید تھی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم شاید اس موقع سے فائدہ اٹھا کر میچ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہو جائے لیکن ان فارم بلے بازشریاس آئیر نے ایسا نہ ہونے دیا۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے بلے باز میدان میں اترے تو ایسا محسوس ہوا کہ انہوں نے اپنی اننگز کا آغاز وہیں سے کیا ہے جہاں انہوں نے گزشتہ اننگز میں چھوڑا تھا۔

انہوں نے دوسرے اینڈ سے سنچری کی جانب گامزن ویرات کوہلی کے ساتھ ایک اور اہم شراکت قائم کی اور بھارت کی سیمی فائنل جیسے اہم میچ میں بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔ویرات کوہلی نے 59 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی لیکن اس کے بعد تیزی سے کھیلنے کا سلسلہ شروع کیا

اور شریاس کے ہمراہ 163 رنز کی شراکت قائم کی۔ گزشتہ میچ میں سنچری سے محروم رہنے والے کوہلی نے یہ موقع نہ گنوایا اور ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں 50ویں سنچری اسکور کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 49 سنچریاں بنائی تھیں۔ ویرات کوہلی نے 113 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔

ادھر شریاس آئیر نے ایک مرتبہ پھر چھکوں اور چوکوں کی برسات کی، گزشتہ میچ میں 62 گیندوں پر سنچری بنانے والے بلے باز نے اس مرتبہ پھر وہی کارکردگی دکھاتے ہوئے 67 گیندوں پر سنچری بنائی۔ شریاس آئیر 70 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں لوکیش راہل نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 39 رنز بنائے۔ بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے جو اب تک ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کیا گیا

سب سے بڑا اسکور ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے بھی سنچری مکمل کی اور 100 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ ایک وکٹ ٹرینٹ بولٹ کے نام رہی۔

خیال رہے کہ برطانوی خبر رساں ادارے ’ڈیلی میل ‘ کی خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی معاہدے کے خلاف اپنے اسپنرز کی مدد کے لیے پچ تبدیل کی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل کے لیے اصل میں نامزد پچ نمبر سات استعمال ہونی تھی، جو اب تک ٹورنامنٹ میں استعمال نہیں ہوئی ہے۔

 

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہُل، سوریاکمار یادیو، رویندرا جدیجا، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج۔

نیوزی لینڈ;کین ولیمسن (کپتان)، ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ

 

 

error: Content is protected !!