گزشتہ ایڈیشن کی فائنلسٹ ناردرن اور بلوچستان کے موجودہ اسکواڈز پر ایک نظر

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی دفاعی چیمپئن ناردرن کی ٹیم رواں سال بھی ٹی ٹونٹی کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ عماد وسیم کی قیادت میں میدان میں اترنے والے اسکواڈ میں ٹی ٹونٹی کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ایڈیشن کی دوسری فائنلسٹ، بلوچستان کی ٹیم ہے، جس کی کپتانی حارث سہیل کررہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈز کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔

ناردرن:

باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ناردرن کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں کپتان عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ آلراؤنڈر کرکٹر ان دنوں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی غرض سے انگلینڈ میں موجود ہیں۔

اکتیس سالہ آلراؤنڈر عماد وسیم 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں اپنی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔ عماد وسیم کی غیر موجودگی میں آلراؤنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرتے ہوئے باؤلنگ کے ساتھ ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ بھی کیا تھا، اس دوران انہوں نے 37.57 کی اوسط اور 159.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے 263 رنز بنائے۔

ناردرن کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کا زیادہ تر دارومدار نوجوان بلے باز حیدر علی پر ہوگا۔ دورہ انگلینڈ میں اپنے ڈیبیو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے نوجوان کرکٹر پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ سرانجام دینے والے سب سے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں، انہوں نے اس میچ میں 33 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

ناردرن کی متوازی بیٹنگ لائن اپ پر نظر ڈالی جائے تو یہاں ذیشان ملک جیسے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کرکٹر سمیت تجربہ کار عمر امین، سہیل اختر، آصف علی اور حماد اعظم جیسے بلے باز بھی موجود ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن میں 38 کی اوسط سے 266 رنز بنانے والے عمر امین نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2019 کے دوسرے بہترین بلے باز تھے۔

آلراؤنڈرز کٹیگری میں محمد نواز اور سہیل تنویر جیسے تجربہ کار نام بھی ناردرن کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ سہیل تنویر نے گزشتہ ایڈیشن کے سات میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہی نہیں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر بھی ایونٹ میں دفاعی چیمپئن ناردرن کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ناردرن کی باؤلنگ لائن اپ میں محمد عامر، موسیٰ خان اور حارث رؤف جیسے تیز رفتار باؤلرز موجود ہیں، جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ناردرن کی ٹیم ایونٹ کے افتتاحی میچ میں 30 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

بلوچستان:

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی 2019 کے فائنل میں ناردرن نے بلوچستان کو 54 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم رواں سال بلوچستان کی ٹیم ایونٹ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ پر نظر ڈالی جائے تو یہاں کپتان حارث سہیل سمیت امام الحق، اویس ضیاء، بسم اللہ خان اور عمران فرحت جیسے نام موجود ہیں جو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں رنز کے انبار لگانے والے عمران بٹ سمیت اکبر رحمٰن بھی رواں سال محدود طرز کی کرکٹ میں اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بلوچستان کے اوپنرز اویس ضیاء اور امام الحق نے گزشتہ ایڈیشن میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ اویس ضیاء نے گزشتہ ایونٹ میں سب سے زیادہ 276 جبکہ امام الحق نے 136 کے اسٹرائیک سے 191 رنز بنائے تھے۔

وکٹ کيپر بيٹسمين بسم اللہ خان سمیت بلوچستان کے پاس آلراؤنڈر عماد بٹ اور عمید آصف موجود ہیں جبکہ باؤلنگ میں عمر گل، کاشف بھٹی اور یاسر شاہ جیسا تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ نوجوان فاسٹ باؤلر عاکف جاوید اور اسپنر اسامہ میر بھی ایونٹ میں بلوچستان کی نمائندگی کریں گے۔

بلوچستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز یکم اکتوبر کو سندھ کے خلاف کرے گی۔

بلوچستان:
حارث سہيل (کپتان)، بسم اللہ خان (نائب کپتان، وکٹ کيپر) اکبر الرحمٰن، عاکف جاويد، عماد بٹ، اويس ضياء، امام الحق، عمران بٹ، عمران فرحت، کاشف بھٹی، خرم شہزاد، تيمور خان، عميد آصف، عمر گل، اسامہ مير اور ياسر شاہ۔
اسپورٹ اسٹاف:
خدا بخش سلاسی (منیجر)، فيصل اقبال (ہيڈ کوچ)، وسيم حيدر (اسسٹنٹ کوچ)، عجب گل خان (ٹرينر)، عارف شاہ (فيزيو) اور شاکر خلجی (اينالسٹ)

ناردرن:
عماد وسيم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، علی عمران، آصف علی ، فرزان راجہ، حيدر علی، حماد اعظم، حارث روف، محمد عامر ، محمد نواز، موسیٰ خان، روحيل نذير (وکٹ کيپر)، سہيل اختر، سہيل تنوير، عمر امين اور زيشان ملک۔
اسپورٹ اسٹاف:
آفاق رحيم (منیجر)، محمد وسيم (ہيڈ کوچ)، محمد مسرور (اسسٹنٹ کوچ)، علی سفيان (فيزيو)، محمد اسلم (ٹرينر) اور محمد احسن احسان (اينالسٹ)

error: Content is protected !!