نیشنل ٹی ٹونٹی کپ: تجربہ کار عمر گل نے بلوچستان کو 3 رنز سے فتح دلادی

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں امام الحق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور عمر گل کی شاندار باؤلنگ کی بدولت بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ 169 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بناسکی۔

پچیس کے انفرادی اسکور پر کامران اکمل کے پویلین واپس لوٹنے پر نوجوان بیٹسمین عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ 17ویں اوور میں عمر گل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، نوجوان بیٹسمین کی وکٹ گرنے کے بعد سنٹرل پنجاب کی کمان ظفر گوہر نے سنبھالی۔ انہوں نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیے آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے، آلراؤنڈر ظفر گوہر نے عمید آصف کو پہلی گیند پر چھکا اور دوسری پر چوکا لگا کر میچ میں سنسنی پھیلا دی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے اور سنٹرل پنجاب کو محض تین رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بلوچستان کے عمر گل نے 37 رنز کے عوض چار جبکہ یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور اویس ضیاء نے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اویس ضیاء کے 36 رنز پر پویلین واپس لوٹنے پر امام الحق نے تن تنہا بلوچستان کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نےذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسرے میچ میں لمبی اننگز کھیلی۔ وہ 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 80 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ احسان عادل نے 3 اور ظفر گوہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے والے عمر گل کا کہنا ہے کہ وہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے وہ ردھم میں نہیں تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے خود پہلے دو میچوں میں آرام کی درخواست کی تھی۔ عمر گل نے کہا کہ دوسری اننگز میں وکٹ پر باؤنس کم اور گیند سوئنگ ہونا شروع ہوگئی تھی اورانہوں نے اسی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔فاسٹ باؤلر نے کہا کہ وہ اور عمران فرحت ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی جانتے ہیں، کوشش ہے کہ انفرادی کارکردگی کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کرسکیں۔

دونوں ٹیمیں اب 12 اکتوبر کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹکرائیں گی۔

error: Content is protected !!