اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)صدر پاکستان ہاکي فيڈريشن بريگيڈيئر خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم نے چند دن قبل ايشين ہاکي فيڈريشن سے ميٹنگ کرکے انہيں باوور کروايا ہے کہ پاکستان کھيلوں کيلئے مکمل طور پر محفوظ ملک ہے ہم نے دنيا بھر سے انٹرنيشنل گول کيپرز کو بلواکر اپنے ايونٹ ميں شامل کيا جس کے بعد ورلڈ اليون کو بلواکر ميچز بھي کروائے اور دنيائے ہاکي کے ليجنڈري پليئرز کو مدعو کرکے ہال آف فيم ميں شامل کيا جو اس بات کا ثبوت ہيں کہ پاکستان انٹرنيشنل کھيل ہو يا کھلاڑي سب کيلئے محفوظ ہے
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان ہاکي ليگ کے انتظامات بھي مکمل کرليے ہيں جو آئندہ سال باقاعدہ طور پر شروع ہوجائے گي۔ صدر پي ايچ ايف نے کہا کہ ہم نے ايشين ہاکي فيڈريشن کو درخواست کي ہے کہ ورلڈکپ کا ايشين کواليفائنگ راؤنڈ پاکستان ميں کروانے کيلئے ہميں اجازت دي جائے تاکہ ہم ميگا ايونٹ کي ميزباني کرسکيں انہوں نے مزيد کہا کہ ہم مختلف ممالک سے بھي رابطے ميں ہيں کہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈز پر ہاکي کي دو طرفہ يا سہ ملکي سيريز کي ميزباني کرسکيں۔ بريگيڈيئر خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ اگر ہميں انٹرنيشنل ايونٹ يا سيريز کي ميزباني مل جاتي ہے تو اس سے پاکستان ميں ہاکي کے ٹيلنٹ کو انٹرنيشنل مواقع دينے سميت قومي کھيل کو فروغ ملے گا۔ خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھاکہ اس سلسلے ميں ہم حکومتي منسٹريز سے بھي رابطے ميں ہيں۔