ناردرن کا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع

ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے ملتان میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں ناردرن نے روحیل نذیرکی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بلوچستان کو ہرا کر ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی۔ گزشتہ سال لگاتار پانچ فتوحات کے ساتھ ٹائٹل جیتنے والی دفاعی چیمپئن ٹیم ایڈیشن 2020 میں ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہی۔

ناردرن نے 157 رنز کا ہدف 13 گیندیں قبل باآسانی3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ آصف علی نے 41 اور حماد اعظم نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 28 رنز پر ابتدائی 3 وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان حارث سہیل نے اکبر الرحمٰن کے ہمراہ 83 رنز کی شراکت قائم کی تاہم دونوں کھلاڑی اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں ناکام رہے۔ حارث سہیل 51 اور اکبر الرحمٰن 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ سہیل تنویر اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ لوئر آرڈر میں بیٹنگ پوزیشن کے باعث انہیں ایونٹ میں زیادہ مواقع نہیں ملے تھے مگر انہیں یقین تھا کہ جب بھی موقع ملا وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ ملتان لیگ میں جو کامیاب ٹیم کمبی نیشن بنا ہوا ہے اسے راولپنڈی میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں ٹیمیں اب 15 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔

ایونٹ میں شامل تمام اسکواڈز اب 2 دن آرام کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا، جہاں ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں پہلے میچ میں مدمقابل آئیں گی۔

error: Content is protected !!