پاکستان فیڈریشن بیس بال کا تاریخی قدم اور دنیا کے بلند ترین مقام گلگت بلتستان میں بیس بال میچز کا انعقاد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان میں ٹورازم کو فروغ دینے کے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال گلگت بلتستان میں بیس بال کی ترقی کی خواہاں ہے ۔ اس سلسلے میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔

کانفرنس سے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے خطاب کیا ۔ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد ، پاکستان بیس بال ٹیم کے کپتان عمیر امداد بھٹی اور پاکستان یوتھ بیس بال ٹیم کے کپتان سید علی شاہ بھی موجود تھے ۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان کا علاقہ اپنی سیاحت کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سیاح سیاحت کے لئے یہاں آتے ہیں۔گلگت بلتستان دنیا کا بلند ترین مقام ہے ۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال تاریخ میں پہلی بار دنیا کے اس بلند ترین مقام پر بیس بال میچز کا انعقاد کرنے جارہی ہے ۔
سید فخر علی شاہ کے مطابق پاکستان فیڈریشن بیس بال گلگت بلتستان میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ کے حوالے سے مندرجہ ذیل سرگرمیوں کا اہتمام کررہی ہے:
.1 پہلی گلگت بلتستان انٹر ڈسٹرکٹ بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد 29 سے 30اکتوبر تک سکردو میں کیا جائے گا۔
.2 سکردو میں نیشنل بیس بال اکیڈمی کا افتتاح 31 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ جس میں کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے سامان پاکستان فیڈریشن بیس بال مہیا کرے گی۔
.3 سکردو میں ہی 31 اکتوبر کو پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان بیس بال کا نمائشی میچ کھیلا جائے گا ۔ اس میچ میں پاکستان کی نیشنل بیس بال ٹیم کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
.4 3 نومبر کو پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا بیس بال کا نمائشی میچ گلگت میں کھیلا جائے گا۔
.5 گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور کوچز کی ٹریننگ کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال 3سے 4نومبر تک کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی گلگت میں بیس بال کوچنگ کورس کا اہتمام کرے گی ۔ کورس کے اختتام پر شرکاء کو فیڈریشن کی جانب سے سرٹیفیکیٹ بھی دئیے جائیں گے۔


سید فخر علی شاہ نے مزید بتایا کہ سکردو دنیا کا بلند ترین مقام ہے اور پاکستان فیڈریشن بیس بال ایک تاریخی قدم اُٹھاتے ہوئے پہلی بار اتنی بلندی پر بیس بال کے میچز کا انعقاد کررہی ہے ۔ ان مقابلوں میں پاکستان نیشنل بیس بال ٹیم کے نامور کھلاڑی حصہ لیں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان ایونٹس کے انعقاد سے گلگت بلتستان جیسے علاقے میں بیس بال کی ترقی میں بہت زیادہ مدد ملے گی ۔
سید فخر شاہ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں سپورٹس کی ایکٹویٹیز متاثر ہوئی ہیں۔ اس لئے اس وباکے خاتمے پر سپورٹس کا ایونٹ منعقد کرنا بہت مشکل ٹاسک تھا لیکن ہم ہیپی لیک پینٹ اور کیپیٹل سمارٹ سٹی والوں کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے ہمارا ساتھ دیا۔

error: Content is protected !!